پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے ساتھ ہونے والے کسی بھی مقابلے سے متعلق واضح کیا کہ سب کچھ برابری کی سطح پر ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم ہاتھ ملانے سے گریز کرتی ہے تو پاکستان کی طرف سے بھی اس میں کوئی دلچسپی نہیں۔
مزید پڑھیں: وسیم اکرم پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر، ملتان سلطانز سے متعلق بھی اہم اعلان
محسن نقوی نے بتایا کہ بھارتی انڈر 19 ٹیم کے رویے پر آئی سی سی سے رابطہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے آئی سی سی کو خط لکھا جا رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کے حوالے سے بھی اہم اعلانات کیے۔ ان کے مطابق وسیم اکرم کو لیگ کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے اور پی ایس ایل رواں سال 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے شروع کرنے کی تجویز ہے، تاہم یہ فیصلے مشاورت کے بعد حتمی ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی کی جائے گی، اور اس سال پی سی بی خود ملتان سلطانز کی آپریشنل ذمہ داری سنبھالے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کے لیے 10 پارٹیز کوالیفائی کر چکی ہیں اور ٹیموں کی بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔
محسن نقوی نے کہاکہ جنوری پی سی بی کے لیے اہم مہینہ ہے، اور توقع ہے کہ ٹیمیں اچھی فروخت ہوں گی۔
مزید پڑھیں: محسن نقوی کرکٹ اور وزارت دونوں ساتھ نہیں چلا سکتے، شاہد آفریدی کی آرمی چیف سے ملاقات میں گفتگو
انہوں نے مزید کہا کہ نیوز چینلز سے درخواست کریں گے کہ وہ اس کھیل کے ایونٹس کی مکمل کوریج کریں۔ پاکستان کرکٹ اکیڈمی کو ریجن کی بہترین اکیڈمی بنانے کا ہدف ہے اور پاکستان شاہینز کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ ریڈ بال ٹیم کے کوچ کا فیصلہ ابھی باقی ہے اور ٹیم اس پر کام کر رہی ہے۔














