وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پتنگ بازی اور پتنگ فروخت کرنے پر سخت پابندی عائد ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس پابندی کے نفاذ کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے شہر بھر میں چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے آسمان کو محفوظ رکھیں اور قواعد کی پابندی کریں۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور: پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے نوجوان زخمی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا نوٹس
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اس سال بسنت منانے اور پتنگ بازی کرنے کی مشروط اجازت دے رکھی ہے تاہم اسلام آباد میں پابندی تاحال جاری ہے۔
آج لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں پتنگ کی ڈور کے باعث ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔ 22 سالہ اویس موٹرسائیکل پر نوکری کے لیے گھر سے نکل رہا تھا کہ اچانک اس کے گلے میں پتنگ کی ڈور پھنس گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کا گلا متاثر ہوا اور اسے فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سرجیکل وارڈ میں اس کا علاج جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔














