پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے ذاتی زندگی میں جاری مشکلات کے باوجود میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) 2025-26 میں اپنی ٹیم ڈھاکا کیپیٹلز کو فتح دلوادی۔
عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے طلاق کے اعلان کے بعد انسٹاگرام پر پہلی پوسٹ میں بی پی ایل میں اپنی عمدہ بولنگ کارکردگی کی اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے چار اوورز میں صرف 16 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

یہ میچ ہفتے کے روز سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں راجشاہی واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم وہ مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز ہی بنا سکی۔ ڈھاکا کیپیٹلز کی جانب سے عماد وسیم نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ ناصر حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان مرزا، ضیاء الرحمٰن اور محمد سیف الدین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ڈھاکا کیپیٹلز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا اور میچ جیت لیا۔ شاندار بولنگ کارکردگی پر عماد وسیم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: تیسری شخصیت درمیان میں آنے پر معاملات تلخ ہوئے، ثانیہ اشفاق نے عماد وسیم سے راہیں جدا ہونے پر خاموشی توڑ دی
واضح رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم نے اپنی اہلیہ ثانیہ اشفاق سے طویل عرصے سے جاری اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے طلاق کے لیے قانونی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے موجود اختلافات باہمی کوششوں کے باوجود حل نہ ہوسکے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب عماد وسیم کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا گھر برباد ہوگیا ہے اور بچے اپنے والد سے محروم ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق 5 ماہ کے بچے کو اب تک اس کے والد نے نہیں تھاما۔
یہ بھی پڑھیں: ازدواجی زندگی کا اختتام، عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی راہیں جدا ہوگئیں
ثانیہ اشفاق نے کہا کہ شادی کے دوران مشکلات کے باوجود انہوں نے بطور بیوی اور ماں ہر ممکن کوشش کی تاہم معاملات اس وقت بگڑے جب ایک تیسری شخصیت ان کی ازدواجی زندگی میں داخل ہوئی۔ انہوں نے بچوں کے مستقبل اور خاندان کی عزت کی خاطر ذہنی اذیت برداشت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خاموش رہنے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کریں گی اور ان کے پاس تمام معاملات کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بدلے کے لیے نہیں بلکہ اپنے اور بچوں کے حق میں آواز اٹھا رہی ہیں اور ہر اس خاتون کی نمائندگی کرنا چاہتی ہیں جسے خاموش کرادیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔














