رجب بٹ کی پٹائی کے ساتھ ساتھ 3 لاکھ روپے چوری کا الزام، یوٹیوبر کے وکیل نے مزید کیا بتایا؟

منگل 30 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق کی جانب سے یوٹوبر رجب بٹ پر حملے میں ملوث وکلاء کا لائسنس معطل کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

تھانہ سٹی کورٹ کراچی میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کراچی کی ایک عدالت کے احاطے میں ریاض علی سولنگی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ غیر قانونی طور پر رجب بٹ کو روکا، بدسلوکی اور منظم منصوبہ بندی سے حملہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر رجب بٹ پر کراچی سٹی کورٹ میں وکلا کا بدترین تشدد، کپڑے بھی پھاڑ دیے

درخواست کے مطابق تشدد کے نتیجے میں رجب بٹ کو شدید جسمانی چوٹیں آئیں جن کے طبی شواہد اور تصاویر بھی محفوظ کی گئی ہیں۔ حملہ آوروں نے موکل کا بیگ بھی زبردستی چھین لیا جو بعد ازاں واپس کر دیا گیا لیکن بیگ سے 3 لاکھ روپے غائب تھے جو عدالت کے احاطے میں کھلی چوری کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور وکلاء نے عدالتی ماحول کی حرمت کو پامال کیا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالی اور نہ صرف رجب بٹ بلکہ ان کے وکلاء کے ساتھ بدتمیزی کی جس سے خوف و ہراس میں پھیل گیا۔ اور بعد ازاں رجب بٹ کو بارروم میں لے جا کر دوبارہ کئی مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا جو قانون اور عدالت کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کا یہ رویہ نہ صرف ہمارے موکل اور ان کے وکلاء کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا بلکہ اس نے پورے قانونی پیشے کو بدنام کیا ہے اس کے پیش نظر فوری اور مثالی تادیبی کارروائی ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’آج اسے پتا چل گیا ہوگا‘، رجب بٹ پر تشدد کرنے والے وکیل کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

سندھ بار کونسل بحثیت صوبے میں قانونی پیشے کی اعلیٰ ترین نگران اتھارٹی اس بات کی پابند ہے کہ وہ فوری اور سخت مثالی اقدام کرے تاکہ بار میں نظم و ضبط قائم رہے اور اس قسم کے واقعات کو روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلاکی بڑی تعداد نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور تشدد کرنے والے ایک وکیل نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ رجب بٹ خود کو بڑا شیر اور بہادر سمجھ رہا تھا لیکن آج اسے پتا لگ گیا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں وکلا کا رجب بٹ پر تشدد، یوٹیوبر کی اہلیہ سامنے آگئیں

انہوں نے کہاکہ رجب بٹ سمجھ رہا تھا کہ شاید وہ پنجاب میں ہے، اسے معلوم نہیں تھا کہ سندھ غیرت مند لوگوں کی دھرتی ہے اور یہاں کے لوگ بہادر ہیں۔ انہوں نے اپنے وکیل دوست بلال کھوکھر کا نام لیتے ہوئے کہاکہ ہم سب ان کو سلام پیش کرتے ہیں اور آج ہم نے رجب بٹ سے ان کا بدلہ لے لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp