بھارتی اداکارہ نندنی سی ایم نے 26 سال کی عمر میں خودکشی کر لی، وہ اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائی گئیں۔
کنڑ اور تمل ٹیلی وژن میں تیزی سے ابھرنے والی اداکارہ نندنی سی ایم کو بنگلور میں ان کی رہائش گاہ میں مردہ پایا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کی جانب سے چھوڑا گیا نوٹ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھیں اور خاندان کی طرف سے سرکاری ملازمت اختیار کرنے کے دباؤ سے پریشان تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: خود کشی کرنے والے امریکی اداکار جیمز رینسن کی اہلیہ کی مالی امداد کی اپیل
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ 29 دسمبر کی صبح کینگیری علاقے میں پیش آیا۔ نندنی کی والدہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اور کہا ہے کہ کسی پر شبہ نہیں ہے۔ پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق نندنی کے والد جو سرکاری اسکول کے استاد تھے 2021 میں وفات پا گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں ہمدردانہ بنیادوں پر سرکاری عہدہ پیش کیا گیا لیکن وہ اداکاری کے کیریئر کو جاری رکھنا چاہتی تھیں۔ نندنی کی ڈائری کے مطابق وہ گھر میں سنی نہیں جا رہی تھیں جس کے باعث وہ جذباتی دباؤ کا شکار تھیں اور وہ صحت کے مسائل سے بھی دوچار تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: بیٹی کو قتل کرکے خود کشی کا رنگ دینے والا باپ گرفتار
نندنی بالاری ضلع کے کوٹور کی رہائشی تھیں اور کئی سالوں سے بنگلور میں مقیم تھیں۔ انہوں نے کنڑ ٹی وی سیریل جیوا ہووگیدے، سنگھارشہ، مذھوماگالو، اور نینادے نا میں معاون کردار ادا کیے۔ تمل ٹی وی میں انہوں نے سیریل ’گوری‘ میں دوہرا مرکزی کردار بھی نبھایا۔
پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی باڈی کواہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کے صحیح اسباب کی تحقیقات جاری ہیں۔














