وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسٹریٹ موومنٹ کی پوری کوشش کررہی ہے، لیکن سہیل آفریدی کو اسلام آباد تک کوئی نہیں پہنچنے دے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سب کچھ کرنا چاہتی ہے لیکن کر نہیں پا رہی، ان کے پاس صلاحیت ہی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: ’اسٹریٹ موومنٹ کے لیے تیاری کریں‘، عمران خان کی سزا کے بعد احتجاج کی کال
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی تھوڑی بہت صلاحیت بروئے کار لائے گی تو سختی سے روکا جائےگا، شاید وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور سے چلنا ہے مشکل ہو جائے، حکومت اور ایجنسیاں غافل نہیں بیٹھی ۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ موجودہ صورت حال میں حکومت کا ہوم ورک مکمل ہے جبکہ پی ٹی آئی اپنا ہوم ورک کررہی ہے، پی ٹی آئی کا جیسا ایکشن ہوگا، ری ایکشن اس کے مطابق ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ سیاست ٹیبل پر بیٹھ کر ہوتی ہے، احتجاج کرنے کو سیاست نہیں کہا جا سکتا۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان ہم سے ہاتھ ملانا گوارہ نہیں کرتے تھے، وہ آج بھی اسٹریٹ موومنٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جو لوگ عمران خان سے ملاقات کے لیے جائیں گے انہیں اجازت نہیں ملنی۔
مزید پڑھیں: پارٹی اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کرے، جو بھی ہوگاذمہ دار حکومت ہو گی، عمران خان
اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر اسپیکر سے بات ہوئی تھی، جس پر انہوں نے کہا تھا کہ معاملہ عدالت میں ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اب سنا ہے کوئی فیصلہ ہوگیا ہے، فیصلے کی کاپی جیسے ہی اسپیکر کو ملے گی وہ اس پر فیصلہ کر دیں گے۔














