ترکیہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگرد تنظیم داعش کے خلاف ملک گیر کارروائی کرتے ہوئے 350 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں وہ عناصر بھی شامل ہیں جو نئے سال کی تقریبات کے دوران حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ترکیہ میں کرسمس تقریبات کو نشانہ بنانے کی داعش سازش ناکام، 115 افراد گرفتار
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلی کایا نے بتایا ہے کہ داعش کے خلاف کارروائی کے دوران ملک بھر سے مجموعی طور پر 357 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوسیل پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں ایک ہی وقت میں 21 صوبوں میں کی گئیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق یہ آپریشنز صوبائی پولیس، چیف پبلک پراسیکیوٹرز کے دفاتر، انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس یونٹس کے باہمی تعاون سے کیے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

اس سے قبل استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا تھا کہ شہر میں 110 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 41 کا تعلق یالووا صوبے میں پیش آنے والے حالیہ دہشت گرد واقعے سے تھا۔ پیر کے روز یالووا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران داعش کے چھ دہشت گرد مارے گئے تھے۔
حکام کے مطابق استنبول میں گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد نئے سال کی تقریبات کے دوران شہر میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کا نائیجیریا میں داعش کے خلاف فضائی حملہ، متعدد شدت پسند ہلاک
ادھر انقرہ کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے بھی 17 داعش مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی تصدیق کی، جن میں 11 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ افراد دہشتگرد تنظیم کی رکنیت اور تنازعہ زدہ علاقوں سے رابطوں کے الزامات میں مطلوب ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت گزشتہ تحقیقات کے دوران قبضے میں لیے گئے ڈیجیٹل مواد اور دستاویزات کے تجزیے سے کی گئی، جبکہ چھاپوں کے دوران مزید ڈیجیٹل مواد اور تنظیمی دستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔














