آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ڈیمین مارٹن کو میننجائٹس کی تشخیص کے بعد مصنوعی کوما میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 54 سالہ سابق بلے باز جمعے کے روز اچانک بیمار پڑ گئے تھے اور اس وقت کوئنز لینڈ کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
ڈیمین مارٹن نے 1992 سے 2006 کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے 67 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ انہوں نے 4 ایشز سیریز میں شرکت کی اور 2006 میں تیسرے ٹیسٹ سے قبل فوری طور پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ آسٹریلیا کے ساتھ 2 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا بھی حصہ رہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے مارٹن کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیمین کی بیماری کی خبر سن کر دکھی ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ’کرکٹ آسٹریلیا اور پوری کرکٹ کمیونٹی کی نیک خواہشات اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔‘
مارٹن کے قریبی دوست اور سابق ساتھی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے خاندان کی جانب سے تصدیق کی کہ ڈیمین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
گلکرسٹ کے مطابق، ’انہیں بہترین علاج مل رہا ہے، اور ان کی شریکِ حیات امانڈا اور خاندان کو معلوم ہے کہ بے شمار لوگ ان کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات بھیج رہے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے بی پی ایل میچ سے قبل دلخراش واقعہ، ڈھاکہ کیپیٹلز کے اسسٹنٹ کوچ انتقال کر گئے
برطانوی اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ڈیمین مارٹن کو کومے سے نکالا جا سکے گا۔
دوسری جانب سابق اے ایف ایل اسٹار بریڈ ہارڈی نے پرتھ کے 6PR ریڈیو اسٹیشن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
’ڈیمین مارٹن، مغربی آسٹریلیا کے عظیم کھلاڑی، باکسنگ ڈے کے روز شدید بیمار ہو گئے تھے اور اس وقت کوئنز لینڈ کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ یہ ایک نہایت سنجیدہ صورتحال ہے، ہم سب ان کے لیے مثبت سوچ اور نیک تمناؤں کا اظہار کریں۔‘
Speed Recovery 🙏
Former Australian cricketer Damien Martyn is in hospital in Brisbane in an induced coma after falling ill with meningitis. pic.twitter.com/QfpzyBtdoE
— Sri Lanka Tweet 🇱🇰 (@SriLankaTweet) December 31, 2025
میننجائٹس ایک خطرناک بیماری ہے، جو دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو گھیرنے والی حفاظتی جھلیوں کے انفیکشن سے پیدا ہوتی ہے۔
مارٹن کے سابق ساتھی اور نارتھمپٹن شائر کے ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر پیغام دیتے ہوئے کہا
’بہت ساری محبت اور دعائیں… مضبوط رہو اور لڑتے رہو، لیجنڈ۔‘
یہ بھی پڑھیے جرمنی کے معروف فٹبالر سیباسٹین ہرٹنر لفٹ حادثے میں جاں بحق
کرکٹ کیریئر کے دوران ڈیمین مارٹن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4,406 رنز بنائے، ان کی اوسط 46.37 رہی۔
ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 208 میچز میں 5,346 رنز اسکور کیے، اوسط 40 رہی، جن میں 5 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
2003 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کے خلاف انہوں نے ٹوٹی ہوئی انگلی کے باوجود ناقابلِ شکست 88 رنز بنا کر آسٹریلیا کو فتح دلائی۔ اسی سال وہ یارکشائر کی جانب سے بطور اوورسیز کھلاڑی بھی کھیلے۔













