پاکستان نے یمن میں دوبارہ تشدد کے بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور یمن کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان یمن میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کسی بھی فریق کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان سعودی عرب اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کاخیر مقدم
ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات صورتحال کو مزید کشیدہ کر سکتے ہیں، امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور خطے کے امن کے لیے خطرہ پیدا کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے یمن میں کشیدگی کم کرنے اور امن قائم رکھنے کی تمام علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی کے ساتھ اپنی وابستگی دہرائی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی سیکیورٹی پاکستان کے لیے اہمیت کی حامل ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ یمن کے مسئلے کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری کے راستے اختیار کیے جائیں، اور امید ظاہر کی کہ یمن کے عوام اور علاقائی طاقتیں مل کر ایک جامع اور دیرپا حل تک پہنچیں گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان سعودی عرب کا ہر فورم پر بھرپور ساتھ دے گا: وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد کو یقین دہانی
انہوں نے کہاکہ یمن میں پائیدار تصفیہ خطے کے استحکام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔














