بالی ووڈ کی فلم دھُرندھر نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے لیکن آج فلم سازوں نے تبدیلیاں کر کے خاموشی سے اس کا نظرثانی شدہ ورژن ریلیز کر دیا ہے۔
اپنی ریکارڈ توڑ کامیابی کے باوجود، فلم کچھ تنازعات سے خالی نہیں رہی۔ جہاں عوام نے اس کی بے حد تعریف کی، وہاں کچھ لوگوں نے اسے سیاسی رنگ کے باعث پروپیگنڈہ قرار دیا۔ اب، 2026 کے آغاز میں فلم سازوں نے بلاک بسٹر کا نظرثانی شدہ ورژن ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ کی فلم ’دھرندھر‘ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی، کتنے ارب کمائے؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر کے سینما گھروں کو 31 دسمبر 2025 کو تقسیم کاروں کی طرف سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں فلم کا ڈیجیٹل سنیما پیکج (DCP) تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
ایک انڈسٹری ماخذ کے مطابق نئے ورژن میں دو الفاظ کو غیر فعال کیا گیا ہے اور ایک ڈائیلاگ میں ترمیم کی گئی ہے۔ ان میں سے ایک لفظ ’بلوچ‘ بھی شامل ہے۔ نئے ورژن کی ریلیز یکم جنوری 2026 سے ملک بھر کے سینما گھروں میں ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان مخالف بھارتی فلم دھرندر کا جواب، سندھ حکومت کا ’میرا لیاری‘ فلم ریلیز کرنے کا اعلان
یہ فلم صرف 25 دنوں میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔ فلم کی آمدنی 10 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے جس نے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آدتیہ دھر کی یہ فلم 5 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کی گئی تھی، جس میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ، ارجن رام پال، آر مادھون، سارہ ارجن اور راکیش بیدی جیسے معروف اداکار شامل ہیں۔
فلم سازوں نے اس بات کی بھی تصدیق کر دی ہے کہ ’دھرندر‘ کا سیکوئل 19 مارچ 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گا۔














