بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی مشہور فلم شعلے کے ساتھی اداکار آنجہانی دھرمیندر کے ساتھ گزارے گئے یادگار لمحات کو یاد کرتے ہوئے جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دھرمیندر کا آخری پیغام، سنی دیول نے والد کی جذباتی ویڈیو شیئر کردی
اپنے مقبول ٹی وی گیم شو کون بنے گا کروڑ پتی کی تازہ قسط کے دوران امیتابھ بچن جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور دھرمیندر کے ساتھ اپنی دوستی اور کام کے تجربات کو محبت بھرے انداز میں بیان کیا۔
شو کے دوران ان کی آواز بھرا گئی جب انہوں نے ماضی کی یادوں کو تازہ کیا۔
امیتابھ بچن نے فلم شعلے کی بنگلور میں شوٹنگ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ دھرمیندر میں ایک خاص جسمانی مضبوطی تھی وہ پہلوان جیسے تھے اور ایک سچے ہیرو بھی۔
انہوں نے کہا کہ موت کے منظر میں اسکرین پر جو (امیتابھ بچن کے چہرے پر) تکلیف نظر آئی وہ حقیقی تھی کیونکہ انہوں نے مجھے اس قدر مضبوطی سے تھاما ہوا تھا کہ درد خودبخود اداکاری میں ڈھل گیا۔
انہوں نے دھرمیندر کی فلم اکیس کا بھی ذکر کیا جو یکم جنوری 2026 کو ریلیز ہوئی اور کہا کہ یہ فلم ناظرین کے لیے ایک قیمتی یادگار کی حیثیت رکھتی ہے۔
مزید پڑھیے: دھرمیندر بھی ’شعلے‘ میں ’گبر سنگھ‘ بننا چاہتے تھے مگر !
امیتابھ بچن کے مطابق ایک سچا فنکار زندگی کی آخری سانس تک اپنے فن سے جڑا رہنا چاہتا ہے اور دھرمیندر نے بھی اسی جذبے کے تحت کام جاری رکھا۔
امیتابھ بچن نے کہا کہ دھرمیندر صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک احساس تھے اور احساس کبھی انسان کا ساتھ نہیں چھوڑتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یاد بن کر دعا بن کر انسان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان میری موسی ماں ہے‘، بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر کا پاکستان کے لیے محبت بھرا پیغام وائرل
واضح رہے کہ دھرمیندر اور امیتابھ بچن نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں سنہ 1975 کی شعلے، چپکے چپکے، آندھی، سنہ 1977 کی پرورش، سنہ 1982 کی راجپوت، سنہ 1983 کی مہان، سنہ 1984 کی شرابی اور سنہ 1988 کی محبت کے دشمن شامل ہیں۔














