نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مقامی ریفائنریوں میں تیار کیے جانے والے پٹرول میں ایتھنول کی آمیزش سے متعلق تجویز پر ایک اجلاس کی صدارت کی۔
یہ بھی پڑھیں: نئے سال کا بڑا تحفہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
جمعرات کو نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین اوگرا نے اجلاس کو اس تجویز پر بریفنگ دی۔
تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے سفارش کی کہ چونکہ اس وقت ایتھنول کی قیمتیں پیٹرول کے مقابلے میں زیادہ ہیں اس لیے ریفائنریز اور ایتھنول تیار کرنے والی صنعت کے لیے مالی طور پر قابل عمل ہونے کی شرط کے ساتھ ایتھنول کی رضاکارانہ آمیزش کی پالیسی اختیار کی جائے۔
اوگرا کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایتھنول کی برآمدات اور مقامی طور پر تیار کیے جانے والے پیٹرول میں اس کی آمیزش کے مالی پہلوؤں کا سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ لے اور اپنی رپورٹ پٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزیراعظم آفس کو پیش کرے۔
مزید پڑھیے: 2026 معیشت کے لیے نہایت کٹھن سال، پیٹرولیم لیوی کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا ہوگا، مزمل اسلم
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری پٹرولیم، سیکریٹری صنعت و پیداوار، چیئرمین اوگرا، پاکستان ایتھنول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔














