وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں یمن کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان یمن کے مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے پیش رفت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان یمن کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور امید ظاہر کرتا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اٹھائے گئے مثبت اقدامات یمن کے مسئلے کے پرامن حل میں معاون ثابت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: متحدہ عرب امارات کا یمن میں تعینات اپنے فوجی یونٹس واپس بلانے کا اعلان
ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی دانشمندی اور دوراندیشی کو سراہتا ہے، جنہوں نے یمن کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اور مثبت کردار ادا کیا۔ ان اقدامات سے دونوں برادر ممالک کی خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ خواہش کا اظہار ہوتا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے شراکت داری، بھائی چارے اور اتحاد کی اقدار کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔













