کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے قریب ایک مین ہول سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق برآمد ہونے والی لاشوں میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، جن کی عمر 10 سے 15 دن پرانی بتائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی: جناح ایئرپورٹ پر غیرملکی ایئر لائن کے دفتر سے اسٹیشن مینیجر کی لاش برآمد
پولیس کے مطابق لاشیں کافی حد تک مسخ ہو چکی تھیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ 15 سے 20 روز پرانی ہو سکتی ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مرنے والوں میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، تاہم حتمی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کی جائے گی۔
پولیس نے لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: حیدرآباد: حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ایس پی گھر سے مردہ برآمد
کیماڑی پولیس کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔














