نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیجنگ سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور علاقائی بہتری اور مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس امر کو سراہا کہ مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے زمینی حقائق میں ٹھوس اور مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: یمن کی جانب سے ریاض میں جامع مذاکرات کے انعقاد کی اپیل کا خیرمقدم کرتے ہیں، دفتر خارجہ
دریں اثنا، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے بھی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت، امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیے: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا اور مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے کی جانے والی تمام فریقین کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، سیاحت اور آئی ٹی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔













