موسمی نمی اور ہوا کی بہتر گردش کے باعث لاہور کے فضائی معیار میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 156 ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں موجودہ دھند صرف سرد موسم کی قدرتی فوگ ہے اور اس کا صنعتی یا ٹریفک اخراج سے براہِ راست تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں فضائی معیار میں بہتری، اے کیو آئی 160 پر مستحکم، اسموگ کنٹرول پلان مؤثر
موسمی حالات کی وجہ سے آلودگی کے ذرات کم ہو گئے ہیں اور شہر میں اسموگ کی صورتحال موجود نہیں۔ ہوا کی رفتار میں اضافے نے آلودہ ذرات کے پھیلاؤ اور صفائی میں مدد دی ہے۔ سائنسی تجزیوں کے مطابق اس وقت موجود فوگ کو اسموگ قرار دینا درست نہیں۔
انسدادِ اسموگ اقدامات مؤثر
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر فضائی آلودگی کے خلاف اقدامات مسلسل جاری ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

زیرو ٹالرنس پالیسی کے نتائج
ای پی اے اور ضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ مسلسل مانیٹرنگ کے باعث لاہور کے فضائی معیار میں عملی اور پائیدار بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔
عوامی رہنمائی اور احتیاطی تدابیر
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حقائق کی روشنی میں صورتحال کو سمجھیں اور فوگ کو اسموگ سے نہ جوڑیں۔ محکمہ صحت نے رہائشیوں کو فوگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، جیسے کہ کم حدِ نگاہ کے دوران محتاط ڈرائیونگ اور سانس کے مریضوں کے لیے ماسک کا استعمال۔













