کراچی میں کھلے نالوں کا مسئلہ ایک بار پھر سنگین حادثے کا سبب بن گیا، جہاں کورنگی کے علاقے میں ایک تقریب سے واپسی پر خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد نالے میں گر گئے۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:بچے کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کا واقعہ، مرتضیٰ وہاب نے اہم انکشاف کردیا
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں نکاسی آب کے لیے بنائے گئے نالے کی چھت ایک مقام سے ٹوٹی ہوئی تھی۔ اندھیرے اور حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی کے باعث خاتون اور بچوں سمیت پانچ افراد ٹوٹے ہوئے حصے سے نالے میں جا گرے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو نالے سے باہر نکالا۔ ریسکیو حکام کے مطابق 3 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں ’گٹر ڈھکن‘ چور مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی تیاری
حکام کا کہنا ہے کہ نالے کی ٹوٹی ہوئی چھت ہی حادثے کی بنیادی وجہ بنی، جس کے باعث راہگیروں کو بروقت خطرے کا اندازہ نہ ہو سکا۔ واقعے نے ایک بار پھر شہر میں کھلے نالوں اور ناقص انفراسٹرکچر کے خطرات کو اجاگر کر دیا ہے۔
ریسکیو اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے مقامات پر احتیاط برتیں اور انتظامیہ فوری طور پر نالوں کی مرمت اور ڈھکن لگانے کے اقدامات کرے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔














