لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈی فارمیسی کے پہلے سمسٹر کی طالبہ فاطمہ نے مبینہ طور پر یونیورسٹی کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔
واقعے کے فوراً بعد طالبہ کو یونیورسٹی کے ساتھ واقع ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فاطمہ کو اس کا بھائی معمول کے مطابق یونیورسٹی چھوڑ کر گیا تھا تاہم واقعے کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ جبکہ یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف لاہور میں ایک طالبہ کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش، طالبہ کو فریکچرز آئے۔ خودکشی کی کوشش اسی مقام پر کی گئی جہاں گزشتہ دنوں ایک طالب علم نے خودکشی کی تھی۔!!! pic.twitter.com/JbAPayl4i2
— Nadir Baloch (@BalochNadir5) January 5, 2026
اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ ڈی فارم کی طالبہ اور نارنگ منڈی ضلع شیخوپورہ کی رہائشی ہے۔
واضح رہے کہ 23 دسمبر کو بھی یونیورسٹی آف لاہور میں اسی نوعیت کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا جہاں طالب علم محمد اویس نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔
بعد ازاں مرحوم کے بھائی نے الزام عائد کیا تھا کہ محمد اویس کو اساتذہ کی جانب سے شدید ذہنی دباؤ اور ہراسانی کا سامنا تھا۔ ان کے مطابق حاضری کم ہونے کے باعث محمد اویس کو امتحان میں بیٹھنے سے روکنے کی دھمکی دی جا رہی تھی جس پر اس نے اپنی استاد سے درخواست کی تھی کہ ایسا کرنے سے اس کا پورا سیمسٹر ضائع ہو جائے گا۔













