پاکستانی شہری سے پسند کی شادی کرنے والی بھارتی خاتون سربجیت کور کو بھارت واپس بھیجنے کے لیے واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی شوہر دوسری شادی کی کوشش کر رہا ہے، پاکستانی خاتون کی نریندر مودی سے مداخلت کی اپیل
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اوڑا کے مطابق 48 سالہ سربجیت کور کو آج واہگہ کے راستے انڈیا روانہ کیے جانے کا امکان ہے، کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں بھارتی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سربجیت کور کو باقاعدہ پریڈ کے بعد واہگہ بارڈر کے ذریعے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کا عملہ بھی واہگہ بارڈر پر موجود ہے تاکہ ضروری دستاویزی امور مکمل کیے جا سکیں۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اوڑا نے مزید بتایا کہ سربجیت کور اور ان کے پاکستانی شوہر ناصر حسین کو حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ سربجیت کور کے پاکستانی شوہر کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ سربجیت کور 4 نومبر کو سکھ یاتریوں کے وفد کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں اور ان کا ویزا 13 نومبر تک کارآمد تھا، تاہم وہ مقررہ مدت ختم ہونے کے باوجود واپس بھارت نہ گئیں۔
مزید پڑھیں: شوہر کو کیسے قتل کیا جائے؟ بھارتی خاتون نے یوٹیوب سے طریقہ سیکھ کر ’کامیاب واردات’ کر ڈالی
بعد ازاں انہوں نے پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے رہائشی ناصر حسین سے پسند کی شادی کر لی، جس کے بعد وہ مسلسل پاکستان میں ہی مقیم تھیں۔ دونوں کے درمیان 2016 میں سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ قائم ہوا تھا۔














