مشرقی دہلی کے علاقے لکشمی نگر میں جم کے تنازع پر ایک خاندان کو شدید تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: مودی کے ناقد صحافیوں کے گھروں پر دہلی پولیس کے چھاپے
واقعے میں ایک شخص پر حملہ کیا گیا اور اس کی اہلیہ کے ساتھ بدسلوکی کی گئی جبکہ ان کے بیٹے کو سرعام کپڑے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ واقعہ جمعہ کو شام تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چند افراد کو ایک شخص کو سڑک پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر کے بیسمنٹ میں ایک جم قائم کیا تھا جس کا نگہبان پنتو یادو عرف ستیش یادو تھا۔
ان کے مطابق جم کی ملکیت ان کے پاس ہے اور نگہبان کو کسی قسم کے حقوق حاصل نہیں تھے تاہم اس نے مبینہ طور پر زبردستی قبضہ کر رکھا تھا۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ جم خالی کرانے کے مطالبے پر ملزم اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے بارہا گالی گلوچ، دھمکیاں اور تشدد کیا جاتا رہا۔
خاتون کے مطابق انہیں اور ان کے اہلخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
مزید پڑھیے: منی پور میں 249 گرجا گھر نذر آتش، فسادات کے پیچھے کس کا ہاتھ ؟
متاثرہ خاتون کے مطابق 2 جنوری کو گھر میں پانی بھر جانے کے مسئلے پر وہ اپنے شوہر کے ہمراہ بیسمنٹ گئیں جہاں ستیش اپنے ساتھیوں کے ساتھ پہنچا اور دونوں پر حملہ کر دیا۔
پہلے انہیں جم کے دروازے سے گھسیٹ کر مارا گیا بعد ازاں سڑک پر بھی تشدد جاری رکھا گیا۔
شکایت کے مطابق ملزمان نے خاتون کے بال کھینچے، چہرے پر ضربیں لگائیں اور لاتوں سے مارا۔ بعد ازاں شوہر کو دوبارہ جم کے اندر لے جا کر تشدد کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
خاتون کے مطابق اس دوران چند افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے، ان کے بیٹے کو باہر گھسیٹ کر لائے، اس پر تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں اس کا ایک دانت ٹوٹ گیا اور سر پر چوٹیں آئیں۔ واقعہ عوامی مقام پر پیش آیا۔
مزید پڑھیں : دہلی اسموگ کی لپیٹ میں، کئی علاقوں میں فضائی معیار ’شدید‘ درجے تک پہنچ گیا
پولیس نے معاملے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور اب تک پنتو یادو کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔













