پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، تقریب میں پاکستان کے کپتان سلمان آغا اور سری لنکن کپتان داسن شناکا نے مشترکہ طور پر ٹرافی سے پردہ اٹھایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈکپ سے قبل سری لنکا میں میچز کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جو تیاری کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق سری لنکا کی کنڈیشنز میں کھیلنے سے ٹیم کو ورلڈکپ کے لیے بہتر تیاری اور حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا ٹی20 سیریز: پاکستان کا پہلا گروپ کولمبو پہنچ گیا
پاکستانی کپتان نے کہا کہ بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان میگا اسٹارز ہیں اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹی 20 سیریز میں مستقبل کے کھلاڑیوں کو آزمانے کا موقع دیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی سطح پر ان کی صلاحیتوں کو پرکھا جاسکے۔
سلمان آغا کا کہنا تھا کہ خواجہ نافع ایک اچھے بیٹسمین ہیں اور وکٹ کیپنگ بھی مؤثر انداز میں کرتے ہیں، امید ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ جیسی کارکردگی اس سیریز میں بھی دکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی اور سیریز جیت کر وطن واپس آنے کی کوشش کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑی مختلف انٹرنیشنل ٹی20 لیگز میں اچھی کارکردگی کے بعد ٹیم کا حصہ بنے ہیں اور توقع ہے کہ وہ اسی تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔ شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے سلمان آغا نے کہا کہ ان کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب جاری ہے اور امید ہے کہ وہ ورلڈکپ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ سیریز: دورہ سری لنکا کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان ہو گیا
سلمان آغا کے مطابق شاداب خان طویل انجری کے بعد کم بیک کر چکے ہیں اور انہوں نے بگ بیش لیگ میں اچھی پرفارمنس دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں موجود تمام اسپنرز آل راؤنڈرز ہیں، جنہیں ایک ساتھ مینج کرنا ایک چیلنج ضرور ہے، تاہم ٹیم اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہے۔














