گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی، آئندہ چند روز میں قیمتیں مزید کتنی کم ہوسکتی ہیں؟

جمعہ 26 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں کم آمدن گھرانوں کو اشیائے ضروریہ سستے نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے قائم سرکاری ریٹیل اسٹورز، یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کا گھی اور کوکنگ آئل سستا کر دیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق برانڈڈ گھی کی قیمت میں 69 روپے جب کہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 76 روپے فی لیٹر تک کی کمی کی گئی ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے سینیئر جنرل مینجر عنایت اللہ دولہ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے عوام کی سہولت کے لیے مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں شاندار کمی کر دی ہے۔ تاکہ معاشی بحران میں عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

آج سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہوچکا ہے۔ ہمارے پاس اتنا اسٹاک موجود ہے کہ قیمتوں میں کمی سے یوٹیلیٹی اسٹورز سے گھی اور خوردنی تیل غائب نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری میں ڈالر کی اڑان کے باعث آئل اور گھی کی قیمتوں میں میں اضافہ ہوا تھا۔ گھی/کوکنگ آئل کی فی کلوگرام / لیٹر لاگت میں 50 سے 60 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

سینیئر جنرل مینجر کا مزید کہنا تھا کہ قیمتوں کی کمی کے باعث گھی اور آئل کی کوالٹی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ ہماری ساری چیزیں پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ایس او پیز کے مطابق ہوتی ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر قیمتوں میں حالیہ کمی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اوپن مارکیٹ میں بھی کوکنگ آئل اور گھی کے نرخوں میں کمی کا رجحان ہے۔

وی نیوز نے خوردنی تیل کے نرخوں کا فرق جاننے کے لیے اسلام آباد، راولپنڈی کے ریٹیل سیکٹر کا ڈیٹا چیک کیا۔ جہاں رمضان المبارک سے قبل فروری/ مارچ میں فی لیٹر خوردنی تیل کی قیمت 700 روپے تک جا پہنچی تھی۔

کوکنگ آئل اور گھی کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کے مطابق ماضی کی یہ قیمت بتدریج کم ہو کر 640 روپے فی لیٹر تک آ چکی ہے۔

اسمارٹ گروسری اسٹور چین عکاظ سے وابستہ عرفان خورشید نے وی نیوز کو بتایا کہ درآمدات پر پابندی اور پام آئل کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان میں خوردنی تیل کی دستیابی متاثر ہوئی اور قیمتیں بڑھی تھیں۔ اس دوران پاکستان میں کوکنگ آئل کی پروڈیوسر اور مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس خام مال بھی ختم ہو گیا تھا۔

عرفان ملک کے مطابق اب چونکہ پام آئل کی قیمتیں کم ہو چکی ہیں، پاکستانی آئل کمپنیوں کے پاس وافر مقدار میں خام مال بھی موجود ہے جب کہ ایران سے سرحدی تجارت کی بحالی بھی ہو چکی ہے، ان امور کی وجہ سے خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ چند روز میں خوردنی تیل کی فی لیٹر قیمت میں مزید 20 تا 36 روپے کی کمی ہو سکتی ہے۔

cooking oil price decreased in pakistan
پاکستان میں گزشتہ ایک برس کے دوران کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں 300 رو]پے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے (فائل فوٹو)

یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان میں خوردنی تیل کی فی لیٹر اوسط قیمت 520 روپے تھی۔ اس کے بعد درآمدات پر پابندی اور ریگولیٹری مسائل کی وجہ سے کوکنگ آئل اور گھی کی فی لیٹر قیمتوں میں ڈیڑھ سے 200 روپے تک کا اضافہ ہوا تھا۔

معاشی امور پر گہری نظر رکھنے والے سینیئر صحافی مہتاب حیدر نے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتیں گر گئی تھیں۔ پاکستان پام آئل کی 90 فی صد درآمد انڈونیشیا اور دس فی صد ملائیشیا سے کرتا ہے۔ تاہم درآمدات پر پابندی کے باعث تمام آرڈرز رک گئے تھے۔ نتیجتاً آئل اور گھی کی قیمتیں تقریباً گزشتہ ایک سال سے اضافے کا شکار تھیں۔ قیمتوں میں اس اضافے کو پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ بھی قرار دیا جاتا رہا ہے۔

مہتاب حیدر کے مطابق جب قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اسمگلنگ بھی بڑھ جاتی ہے یوں اس اضافے کی ایک وجہ اسمگلنگ بھی تھی، تاہم اس سب کے باوجود مہنگائی میں اس طرح کا ریلیف عوام کا بوجھ کم کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp