یوٹیوب نے صارفین کی رائے کی بنیاد پر سرچ فلٹرز میں بڑی تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں، جن کا مقصد سرچ نتائج کو کم الجھا ہوا اور زیادہ آسان بنانا ہے۔ نئی اپ ڈیٹ کے تحت شارٹس، طویل دورانیے کی ویڈیوز اور لائیو مواد کو سرچ نتائج میں الگ اور واضح انداز میں دکھایا جائے گا، کیونکہ پلیٹ فارم پر مواد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل ویل بِنگ کی سمت نیا قدم، یوٹیوب کا ’شارٹس ٹائمر‘ فیچر متعارف
یوٹیوب کے مطابق ویڈیوز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث صارفین کے لیے اپنی مطلوبہ ویڈیو تلاش کرنا مشکل ہو رہا تھا۔ نئے فلٹرز اس عمل کو سادہ بنانے اور صارفین کو نتائج کا بہتر جائزہ لینے میں مدد دیں گے، خاص طور پر اس وقت جب وہ کسی مخصوص قسم کی ویڈیو تلاش کر رہے ہوں۔
اس اپ ڈیٹ کی سب سے نمایاں تبدیلی ویڈیو ٹائپ کے تحت شارٹس فلٹر کا اضافہ ہے۔ اس نئے فلٹر کے ذریعے صارفین سرچ کے دوران آسانی سے یوٹیوب شارٹس اور عام ویڈیوز میں فرق کرسکیں گے۔ اس سے قبل سرچ نتائج میں دونوں اقسام کی ویڈیوز ایک ساتھ نظر آتی تھیں، جس سے صارفین کو غیر ضروری مواد میں الجھنا پڑتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب پر مختصر ویڈیوز بنانے والوں کے لیے نئے زبردست فیچرز کا اعلان
شارٹس اور دیگر ویڈیوز کو الگ کرنے سے یوٹیوب کا کہنا ہے کہ سرچ نتائج زیادہ درست ہوں گے اور غیر مطلوبہ مواد دیکھنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ یہ تبدیلی خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہے جو پلیٹ فارم پر ٹیوٹوریلز، خبریں یا تفریحی مواد باقاعدگی سے تلاش کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ یوٹیوب نے Sort By کے نام کو تبدیل کر کے Prioritise کر دیا ہے تاکہ صارفین کو یہ بات زیادہ واضح ہو سکے کہ نتائج کس بنیاد پر ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح View Count فلٹر کو ختم کر کے اس کی جگہ Popularity کا آپشن شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب نے ملٹی لینگویج آڈیو ڈبنگ فیچر متعارف کرا دیا
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس کا الگورتھم ویڈیوز کو صرف ویوز کی تعداد پر نہیں بلکہ اس بات پر بھی درجہ بندی کرتا ہے کہ کوئی ویڈیو سرچ سے کتنی متعلقہ اور صارف کے لیے کتنی مفید ہو سکتی ہے۔ اس طرح کم ویوز کے باوجود متعلقہ ویڈیوز کو بھی بہتر رینک مل سکتا ہے۔
سرچ فلٹرز کو مزید سادہ بنانے کے لیے دو آپشنز Upload Date Last Hour اور Sort by Rating کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق تازہ ویڈیوز دیگر ڈیٹ فلٹرز کے ذریعے اور زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز Popularity آپشن کے ذریعے اب بھی آسانی سے تلاش کی جا سکتی ہیں۔













