ایس آئی یو/ سی آئی اے اور ٹاسک فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں آن لائن منشیات کا نیٹ ورک چلانے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی مہلک منشیات اور ایک گاڑی برآمد کر لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی پولیس کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، 14 ملزمان گرفتار
ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کو ڈیفنس فیز فائیو کے علاقے خیابانِ بحریہ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت گل محمد، یاسر اور وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے انتہائی مہلک ویڈ کی 300 گرام مقدار برآمد کی، جس کی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق ملزمان شہر کے پوش علاقوں میں آن لائن منشیات کی ڈیلیوری میں ملوث تھے اور سوشل ایپلیکیشنز کے ذریعے منشیات کے آرڈر وصول کیے جاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی منشیات فروخت کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی پولیس کی کارروائی، افغان مہاجرین کے خالی کیے گئے گھر مسمار کردیے
کارروائی کے دوران ملزمان کے زیر استعمال آلٹو کار بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو/ سی آئی اے ڈاکٹر محمد عمران خان نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔












