مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے اپنی سابقہ اہلیہ میلنڈا فرنچ گیٹس کی فلاحی تنظیم کو خاموشی سے تقریباً 7.88 ارب ڈالر منتقل کر دیے ہیں، جو کسی بھی طلاق سے متعلق سب سے بڑی مالی ادائیگیوں میں سے ایک تصور کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس کی سابقہ اہلیہ کا گیٹس فاؤنڈیشن چھوڑ کر الگ ادارہ قائم کرنے کا اعلان
ٹیکس فائلنگ کے مطابق یہ رقم 2024 میں میلنڈا کی نئی غیر منافع بخش تنظیم پیوٹل فِلانتھروپیز فاؤنڈیشن کو دی گئی، جو خواتین، خاندانوں اور سماجی ترقی سے متعلق آزادانہ فلاحی منصوبوں کے لیے کام کرتی ہے، یہ پہلی بار ہے کہ 2021 میں دونوں کے طلاق کے مالی پہلو منظر عام پر آئے ہیں۔
میلنڈا فرنچ گیٹس نے کہا تھا کہ طلاق کے معاہدے کے تحت وہ اربوں ڈالر اپنی آزادانہ فلاحی سرگرمیوں کے لیے حاصل کریں گی۔ بل گیٹس نے کیسکیڈ انویسٹمنٹ، جو ان کی نجی ہولڈنگ کمپنی ہے، کے ذریعے اپنی سابقہ اہلیہ کو اربوں ڈالر منتقل کیے۔
طویل قانونی اور مالی معاملات کے بعد دونوں نے اپنے اثاثے بھی تقسیم کیے، جس میں 170 ملین ڈالر سے زیادہ کی جائیداد، تقریباً 130 ملین ڈالر مالیت کا آرٹ کلیکشن اور مائیکروسافٹ کے اسٹاکز شامل ہیں، جس سے میلنڈا کے پاس مجموعی طور پر تقریباً 25 ارب ڈالر کے اثاثے آگئے۔
یہ بھی پڑھیں: بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا خواتین کی صحت کے لیے 2.5 ارب ڈالر امداد کا اعلان
بل گیٹس کی جانب سے حالیہ رقم پیوٹل فِلانتھروپیز کو فراہم کی گئی 12.5 ارب ڈالر کی وعدہ کی گئی امداد کا حصہ ہے، جبکہ باقی تقریباً 4.6 ارب ڈالر پیوٹل وینچرز میں گئے، جو نجی قانونی فریم ورک کے تحت کام کرنے والی کمپنی ہے۔
میلنڈا فرنچ گیٹس نے 2022 میں پیوٹل فِلانتھروپیز کے قیام کا اعلان کیا تھا تاکہ خواتین، خاندانوں اور سماجی ترقی سے متعلق آزادانہ گرانٹس اور سرمایہ کاری کی جا سکے۔
اس سرمایہ کاری کے بعد یہ فاؤنڈیشن امریکی فلاحی شعبے میں اوپر کی سطح پر پہنچ گئی اور گزشتہ سال تقریباً 7 ارب ڈالر کے اثاثے کے ساتھ ملک کی بڑی نجی گرانٹ دینے والی تنظیموں میں شامل ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’آپ کی تنخواہ کتنی ہونی چاہیے؟‘، انٹرویو میں پوچھے جانے والے سوال کا بہترین جواب بل گیٹس نے بتادیا
یہ مالی ادائیگی بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس کی طلاق کے بعد کی سرگرمیوں اور فلاحی کاموں کے ایک واضح اور اہم مرحلے کے طور پر دیکھی جارہی ہے، جس سے میلنڈا فرنچ گیٹس کو اپنے فلاحی منصوبوں کی توسیع کا موقع ملا ہے۔














