ویرات کوہلی اپنے اعزازات اور ٹرافیاں اپنی والدہ کو کیوں بھیج دیتے ہیں؟

پیر 12 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ اب تک کا ان کا شاندار کرکٹ سفر کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں، کیونکہ وہ اپنے کھیل کے ذریعے بے شمار لوگوں کو خوشی اور مسکراہٹ دے پا رہے ہیں۔

37 سالہ ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ کی تمام فارمیٹس میں 28 ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کی انسٹاگرام پوسٹ کیوں وائرل ہو رہی ہے؟

وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے بڑے اسکورر ہیں، جب کہ ان سے آگے صرف سچن ٹنڈولکر ہیں۔

کوہلی نے اپنی 624ویں اننگز میں نیوزی لینڈ کے لیگ اسپنر ادیتیہ اشوک کی گیند پر چوکا لگا کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔

سچن ٹنڈولکر نے یہ ہدف 644 اننگز میں حاصل کیا تھا، جب کہ سری لنکا کے عظیم بلے باز کمار سنگاکارا 28 ہزار رنز کے اس کلب کے تیسرے رکن ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز 666 اننگز میں حاصل کیا تھا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ اگر وہ ایمانداری سے اپنے پورے سفر پر نظر ڈالیں تو یہ کسی خواب کے پورا ہونے سے کم نہیں۔

’میں اپنی صلاحیتوں سے ہمیشہ واقف تھا، لیکن آج جس مقام پر ہوں وہاں پہنچنے کے لیے مجھے بہت محنت کرنا پڑی، خدا نے مجھے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، اس لیے شکر کے سوا میرے پاس کچھ نہیں۔‘

مزید پڑھیں: ویرات کوہلی نے پُوما چھوڑ کر ایجیلیٹاس اسپورٹس سے شراکت کرلی

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے کوہلی کو اپنے کیریئر میں 45ویں مرتبہ یہ اعزاز ملا ہے، وہ جہاں بھی کھیلنے جاتے ہیں، شائقینِ کرکٹ کی جانب سے بھرپور محبت اور پذیرائی حاصل کرتے ہیں۔

کوہلی کا کہنا تھا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ انہین یہ مقام ملا۔ یہ واقعی ایک نعمت ہے کہ آپ وہ کام جس سے آپ محبت کرتے ہیں سرانجام دیتے ہوئے لاکھوں لوگوں کو خوشی دے سکتے ہیں۔

’میں اپنا خواب جی رہا ہوں اور لوگوں کو خوش دیکھ رہا ہوں، اس سے بڑھ کر اور کیا چاہیے۔‘

گزشتہ روز 91 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کے بارے میں بات کرتے ہوئے، کوہلی نے کہا کہ وہ اس وقت کسی سنگِ میل کے بارے میں نہیں سوچ رہے تھے۔

’اگر ہم پہلے بیٹنگ کر رہے ہوتے تو شاید میں مزید جارحانہ انداز اپناتا، لیکن چونکہ ہدف سامنے تھا اس لیے صورتحال کے مطابق کھیلنا پڑا۔‘

اپنی حالیہ اننگز میں ابتدائی اوورز میں زیادہ جارحانہ انداز اپنانے کے سوال پر کوہلی نے کہا کہ وہ نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہیں، اس لیے مشکل صورتحال میں وہ اب دفاعی کھیل کے بجائے جوابی حملے پر یقین رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف سینچری، ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا منفرد ریکارڈ برابر کردیا

’کبھی کبھی گیند آپ کے نام کی ہوتی ہے، اس لیے زیادہ انتظار کا فائدہ نہیں۔ البتہ غیر ضروری شاٹس کھیلنے کے بجائے اپنی طاقت پر انحصار کرنا ضروری ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے تو ابتدائی گیندوں میں دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کیا، جس سے شراکت بنی اور یہی میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں: ویرات کوہلی کی 37ویں سالگرہ پر انوشکا شرما نے شادی سے متعلق اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا

ویرات کوہلی نے مسکراتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے ٹرافیاں اپنی والدہ کو بھیج دیتے ہیں، جو گڑگاؤں میں رہتی ہیں اور انہیں تمام ایوارڈز سنبھال کر رکھنا پسند ہے۔

بھارتی کپتان شبمن گل نے ویرات کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ بیٹنگ کو نہایت آسان بنا کر پیش کر رہے ہیں۔

’ایسی پچز پر بیٹنگ کا آغاز کرنا مشکل ہوتا ہے، لیکن کوہلی جو کر رہے ہیں اسے دہرانا آسان نہیں، امید ہے وہ اسی طرح رنز بناتے رہیں گے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp