قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اجلاس کے لیے 27 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف متعدد اہم آرڈیننس اور بل ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران ملک میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ سے تجاوز کرنے کے سنگین معاملے پر بھی بحث متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر ڈوگر کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر امور پر تبادلہ خیال
جس میں حکومتی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ مردان میں ریلوے کی زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کیے جانے کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماؤں کا ایک مشاورتی اجلاس بھی آج طلب کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی کی سیاسی کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش
مذکورہ مشاورتی اجلاس شام 4 بجے اسپیکر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔
اس مشاورتی اجلاس میں قومی اسمبلی کے 23ویں اجلاس کی کارروائی کو احسن طریقے سے چلانے سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔
مشاورتی اجلاس میں شرکت کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔












