معروف کامیڈین و اداکار سنیل گروور جو حال ہی میں دی گریٹ انڈین کپل شو میں عامر خان کی شاندار نقالی کرنے پر وائرل ہوئے تھے۔ ایک بار پھر اپنی بے مثال نقالی کے باعث سوشل میڈیا پر چھا گئے ہیں۔
حال ہی میں جاری ہونے والی فلم ہیپی پٹیل کے پروموشنل ویڈیو میں ایک مزاحیہ منظر دکھایا گیا ہے جس میں سنیل گروور بالی ووڈ اداکار عامر خان کی ایسی جاندار نقل کرتے نظر آتے ہیں کہ خود عامر خان بھی پہچانے نہیں جاتے اور سیکیورٹی انہیں اپنے ہی دفتر سے باہر نکال دیتی ہے۔
ویڈیو کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب اداکار و ہدایتکار ویر داس عامر خان کے دفتر میں داخل ہوتے ہیں۔ دفتر کے اندر سنیل گروور، عامر خان کے لباس اور انداز میں مکمل طور پر کردار میں ڈوبے نظر آتے ہیں۔ ابتدا میں ویر داس کو شبہ ہوتا ہے تاہم سنیل گروور کی نقالی اس قدر متاثر کن ہوتی ہے کہ وہ انہیں ہی عامر خان سمجھ لیتے ہیں۔
سنیل گروور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بن کر ویر داس کی فلم ہیپی پٹیل کی تعریف کرتے ہیں جو ویر داس کی بطور ہدایتکار پہلی فلم ہے۔ وہ نہ صرف ویر داس کو بونس کا چیک دیتے ہیں بلکہ فلم کے سیکوئل کے لیے بھی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پراعتماد انداز میں فلم کی کامیابی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’مجھے تم پر بہت فخر ہے۔ تم نے کیا زبردست فلم بنائی ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان کی نقالی، کامیڈین سنیل گروور کی ویڈیو پر اداکار کا ردعمل بھی سامنے آگیا
انہوں نے کہا کہ ’یہ میرا تجربہ ہے۔ اگر فلم سپر ہٹ نہ ہوئی تو میرا نام عامر خان نہیں۔ اسے آسکر ملے گا۔ یہ لو سیکوئل کا چیک‘۔
اسی دوران اصل عامر خان دفتر میں داخل ہوتے ہیں اور سنیل گروور کو اپنی نقالی کرتے دیکھ کر سخت برہم ہو جاتے ہیں اور پوچھتے ہیں ’یہ کون ہے‘۔ تاہم ویر داس اصل عامر خان کو پہچاننے میں ناکام رہتے ہیں اور الٹا انہیں سنیل گروور قرار دے دیتے ہیں۔ صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہو جاتی ہے جب سیکیورٹی اہلکار بھی دھوکے کا شکار ہو کر اصل عامر خان کو ہی دفتر سے باہر نکال دیتے ہیں جبکہ جعلی عامر (سنیل گروور) دفتر میں موجود رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’میرا بوائے فرینڈ نہیں رہا، یہ کام کیسے کر سکتی ہوں‘، ایشوریہ رائے کا عامر خان کے ساتھ اشتہار سے انکار
واضح رہے کہ سنیل گروور اس سے قبل بھی دی گریٹ انڈین کپل شو میں عامر خان کی نقالی کر کے خوب داد سمیٹ چکے ہیں۔ اس نقالی پر خود عامر خان نے بھی کھل کر تعریف کی تھی۔ ایک انٹرویو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ سنیل گروور کی اداکاری اتنی حقیقی تھی کہ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ خود کو دیکھ رہے ہوں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس پرفارمنس نے انہیں بے حد محظوظ کیا۔
سنیل گروور اپنی شاندار مزاحیہ صلاحیتوں اور بالی ووڈ ستاروں، خصوصاً عامر خان اور شاہ رخ خان کی نقالی کے باعث اکثر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے رہتے ہیں، اور ان کا یہ نیا ویڈیو بھی ناظرین میں بے حد مقبول ہو رہا ہے۔














