بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کی شاندار فارم میں واپسی کے ساتھ ہی وہ بدھ کے روز تقریباً 5 برس بعد ایک بار پھر آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
ویرات کوہلی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر واپسی کی تصدیق آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ میں کی گئی ہے، جو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے میچ سے قبل راجکوٹ کے نیرنجن شاہ اسٹیڈیم میں سامنے آئی۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی اپنے اعزازات اور ٹرافیاں اپنی والدہ کو کیوں بھیج دیتے ہیں؟
37 سالہ کوہلی نے اپنے ہم وطن روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 2 اپریل 2021 کے بعد پہلی بار ون ڈے فارمیٹ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی۔
کوہلی کے ریٹنگ پوائنٹس میں 12 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور وہ 785 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست آ گئے، جبکہ روہت شرما کے 6 پوائنٹس کم ہو گئے اور وہ 781 سے گر کر 775 پر آ گئے۔
Here is Latest ODI Rankings
𝗩𝗶𝗿𝗮𝘁 𝗞𝗼𝗵𝗹𝗶 has once again become the New No.1 ODI batter. The King reclaims his throne 👑 pic.twitter.com/SfRoUgGP2d
— 𝑺𝒉𝒆𝒃𝒂𝒔 (@Shebas_10dulkar) January 14, 2026
نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، جو اپنے کیریئر کی بہترین رینکنگ کے ساتھ کوہلی سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے یعنی 784 پر ہیں۔
ویرات کوہلی 2017 سے شروع ہونے والے 4 مسلسل برسوں تک 50 اوورز فارمیٹ کی بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست رہے، تاہم 2021 کے اوائل میں انہیں پاکستان کے بابر اعظم نے پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
بابر اعظم نے اگلے 4 کیلنڈر برس تک ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی، جس کے بعد 2025 میں روہت شرما نمبر ون بنے۔
مزید پڑھیں: ویرات کوہلی کی انسٹاگرام پوسٹ کیوں وائرل ہو رہی ہے؟
تاہم، کوہلی نے شاندار بیٹنگ کے تسلسل کے ذریعے اپنے دیرینہ ساتھی روہت شرما کے ساتھ فرق کم کیا۔ یہ سلسلہ اکتوبر 2025 میں سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے سے شروع ہوا۔
اس کے بعد کوہلی ون ڈے فارمیٹ میں مسلسل 7 اننگز میں 50 یا اس سے زائد اسکور بنا چکے ہیں، جو بھارتی لسٹ اے کرکٹ کا ریکارڈ ہے۔
ان میں سے 5 اسکور بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے بنائے گئے، جبکہ گزشتہ ماہ وجے ہزارے ٹرافی میں دہلی کی جانب سے ایک سینچری اور ایک نصف سینچری بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا
آسٹریلیا کے دورے کے بعد کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2-1 سیریز جیت میں 2 لگاتار سینچریاں اور ایک ناقابلِ شکست نصف سینچری اسکور کی۔
اس کے بعد وڈودرا میں پہلے ون ڈے میں میچ وننگ 93 رنز بنا کر انہوں نے مسلسل 50 سے زائد اسکورز کے ایک اور بھارتی ریکارڈ برابرکردیا۔
ویرات کوہلی اس سے قبل 4 مواقع پر مسلسل 5 مرتبہ 50 سے زائد اسکور کر چکے ہیں۔ سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، روہت شرما اور اجنکیا رہانے بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ویرات کوہلی کی 37ویں سالگرہ پر انوشکا شرما نے شادی سے متعلق اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا
جس کا مطلب ہے کہ راجکوٹ میں ایک اور بڑا اسکور کوہلی کو اس فہرست میں سب سے آگے لے جا سکتا ہے۔
کوہلی کے پاس سب سے زیادہ کیلنڈر برس یعنی 2017 سے 2020 ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پر ختم کرنے کا بھارتی ریکارڈ بھی ہے۔
عالمی سطح پر صرف برائن لارا، ویوین رچرڈز اور گریگ چیپل ہی 5 کیلنڈر برس تک ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا کونسا ریکارڈ توڑ ڈالا؟
دوسری جانب پاکستان کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں 3 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 16 درجے ترقی پا کر 19ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
بیٹنگ میں اہم کارکردگی کی بدولت صاحبزادہ فرحان ایک درجہ بہتری کے ساتھ 5ویں نمبر پر آ گئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 13 درجے ترقی کے بعد 41ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کے صائم ایوب ایک درجہ نیچے چلے گئے، جس کے نتیجے میں زمبابوے کے سکندر رضا نے تازہ رینکنگ اپ ڈیٹ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔













