اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا یہ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط برائے طریقِ کار 2007 کے قاعدہ 39 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ملک کو بربادی سے نکالنے کے لیے‘ محمود خان اچکزئی کا اعلان، معافی تلافی پر بھی زور
ترجمان نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کی بطور قائدِ حزبِ اختلاف تقرری کا نوٹیفکیشن اپوزیشن اراکین قومی اسمبلی کے وفد کے حوالے کیا۔
اس موقع پر اپوزیشن کے وفد میں بیرسٹر گوہر علی خان، جنید اکبر، سردار لطیف کھوسہ، جمال احسن خان، شہرام ترکئی، شاندانہ گلزار، زین قریشی، علی اصغر خان، ملک امجد تاج اور یوسف خان شامل تھے۔
Honourable Speaker Sardar Ayaz Sadiq has been pleased to declare Mr. Mehmood Khan Achakzai, MNA as Leader of Opposition in the National Assembly. #NASession @AyazSadiq122 @PTVNewsOfficial @RadioPakistan pic.twitter.com/ocTQYdxhdY
— National Assembly 🇵🇰 (@NAofPakistan) January 16, 2026
تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی رومینہ خورشید عالم بھی موجود تھیں۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کا عمل آئینی اور پارلیمانی قواعد کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف نے محمود خان اچکزئی کو قائد حزب اختلاف نامزد کر دیا
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ سال اگست میں محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف نامزد کیا تھا ، کیونکہ اس عہدے پر فائز رکن قومی اسمبلی عمر ایوب 9 مئی 2023 کے فسادات سے متعلق مقدمات میں سزا کے بعد پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل ہوچکے تھے۔
گزشتہ منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قائد حزبِ اختلاف کی تقرری کے عمل کا ازسرِنو آغاز کیا۔ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ گزشتہ تقریباً 5 ماہ سے خالی تھا جو اگست 2025 میں پی ٹی آئی کے عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری کے مطابق محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر اس لیے نامزد کیا گیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے موجودہ رہنماؤں میں سے کوئی بھی اس قابل نہیں ہے کہ اسے اپوزیشن لیڈر بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: جو ترمیم پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کے لیے ہوگی، اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، محمود خان اچکزئی
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کی نامزدگی سے اس وقت جو تناؤ کی فضا ہے اس میں کمی آئے گی اور اس وقت جو مذاکرات کے ضمن میں جو بات چیت جاری ہے، اس میں محمود خان اچکزئی کے اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد کافی سہولت ہوگی۔
’پی ٹی آئی کے موجودہ رہنما کشیدگی کم کرنے میں بالکل ناکام ہوئے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ محمود خان اچکزئی کے اپوزیشن لیڈر بننے سے کشیدگی میں کچھ کمی ہو سکے۔‘













