الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں میں واقع کنٹونمنٹ بورڈز میں وارڈز کی نئی حد بندی کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد کنٹونمنٹ بورڈز میں حد بندی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں راولپنڈی، چکلالہ، ٹیکسلا، واہ، اٹک، کامرہ، سنجوال، جہلم، منگلا، کھاریاں، مری ہلز، سرگودھا، شورکوٹ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، والٹن، اوکاڑہ، ملتان اور بہاولپور کنٹونمنٹ بورڈز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان
کمیشن کے مطابق سندھ میں پنوعاقل، حیدرآباد، کراچی، کلفٹن، منوڑہ، ملیر، فیصل اور کورنگی کریک کنٹونمنٹس میں وارڈز کی حد بندی کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، نوشہرہ، چیرات، رسالپور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، حویلیاں اور مری گلیز جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، لورالائی اور ژوب کنٹونمنٹ بورڈز کو شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 19 جنوری سے 2 فروری 2026 تک تمام انتظامی تیاریوں، نقشہ جات اور متعلقہ ڈیٹا کے حصول کے ساتھ ساتھ ڈیلیمیٹیشن کمیٹیوں اور اتھارٹیز کی تربیت مکمل کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے بعد ہوں گے، ترجمان الیکشن کمیشن
ابتدائی وارڈ فہرستیں 3 فروری سے 4 مارچ 2026 کے دوران تیار کی جائیں گی، جبکہ 5 مارچ 2026 کو ابتدائی فہرستیں اعتراضات کی دعوت کے لیے شائع کی جائیں گی۔
عوام اور متعلقہ فریقین 6 مارچ سے 25 مارچ 2026 تک وارڈز کی حد بندی پر اعتراضات دائر کر سکیں گے۔
ڈی لیمیٹیشن اتھارٹیز 8 اپریل 2026 تک تمام اعتراضات نمٹانے کی پابند ہوں گی، جبکہ ان فیصلوں کی اطلاع یکم اپریل 2026 تک ڈی لیمیٹیشن کمیٹیوں کو دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن دی جاسکتی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ
وارڈز کی حتمی حد بندی کی فہرست 20 اپریل 2026 کو نوٹیفائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یہ تمام اقدامات کنٹونمنٹ لوکل گورنمنٹ انتخابات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
نوٹیفکیشن کی اشاعت گزٹ آف پاکستان میں بھی کر دی گئی ہے۔














