خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں کے قریب بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے قافلے کو روک لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہمیں فنڈ دو یا نظام ختم کرو‘، پی ٹی آئی بلدیاتی نمائندے اپنی ہی حکومت کے خلاف سڑکوں پر آگئے
تحصیل کونسل حویلیاں کے چیئرمین عزیز شیرخان کی قیادت میں بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز نہ ملنے پر احتجاج کیا۔
وزیراعلیٰ اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں ہری پور سے مانسہرہ جا رہے تھے کہ ان کے قافلے کو بلدیاتی نمائندوں نے روک دیا اور چار سال سے بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری نہ ہونے پر شدید احتجاج کیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے فنڈز جاری کیے جانے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے قافلے کو راستہ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے احتجاج کے لیے اڈیالہ جیل کا رخ کیوں کیا؟
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندے فنڈز نہ ملنے پر 4 سالوں سے مسلسل احتجاج کررہے ہیں، گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا اسمبلی اور اڈیالہ جیل کے سامنے بھی احتجاج کیا۔
کچھ دن قبل صوبائی اسمبلی کے باہر خیبر پختونخوا کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے مصروف ترین خیبر روڈ کو بند کرکے احتجاج کیا اور بلدیاتی حکومت کو فنڈز اور اختیارات دینے کا مطالبہ کیا۔
بلدیاتی نمائندوں کا مؤقف ہے کہ کہ پی ٹی آئی انصاف کی باتیں کر رہی ہے لیکن اپنے ہی بلدیاتی نمائندوں کو انصاف نہیں دے رہی۔














