بنگلہ دیش کے کوکس بازار کے علاقے میں واقع روہنگیا مہاجر کیمپ میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 400 سے 500 شیلٹرز مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے، جس کے بعد سینکڑوں پناہ گزین محفوظ مقام کی تلاش میں ہیں۔
مقامی فائر سروس اسٹیشن کے حکام کے مطابق آگ منگل کی صبح قریباً ساڑھے تین بجے کے قریب لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی، جس سے آس پاس کے عارضی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش نے روہنگیا مہاجرین کو سمیں جاری کرنے کا عمل شروع کردیا
فائر آفیسر کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد 2 فائر فائٹنگ یونٹس بھیجے گئے، فائر فائٹرز نے قریباً 4 گھنٹے تک شعلوں پر قابو پانے کی کوشش کی، جس کے بعد صبح 7:30 بجے صورتحال پر کنٹرول حاصل کیا گیا۔ تاہم تب تک وسیع پیمانے پر نقصان ہو چکا تھا۔
حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں 4 سے 5 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آگ ممکنہ طور پر کیمپ کے ایک کچن میں موجود کوکنگ اسٹوو سے لگی، تاہم اصل وجہ کا تعین ابھی کیا جا رہا ہے۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے بتایا کہ اس آگ کے نتیجے میں کیمپ کے 500 سے زیادہ شیلٹرز تباہ ہوگئے، جس سے کئی خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ حالیہ دنوں میں روہنگیا کیمپوں میں لگنے والی آگ کے سلسلے میں پیش آنے والا تازہ ترین واقعہ ہے۔ اس سے قبل 26 دسمبر کو کیمپ 4 کے ایک اسپتال کو آگ نے تباہ کر دیا تھا، جبکہ ایک روز قبل ایک رجسٹرڈ کیمپ میں ایک اور آگ کے نتیجے میں 10 سے زیادہ شیلٹرز متاثر ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: تیکناف سرحد سے گرفتار تمام 53 افراد کیمپوں میں مقیم روہنگیا مہاجر نکلے، بنگلہ دیشی سرحدی فورسز
حکام اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اب نقصان کا جائزہ لے رہی ہیں اور متاثرہ پناہ گزینوں کے لیے فوری امدادی اقدامات کررہی ہیں۔













