بھارتی صحافی وکرانت گپتا بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے دوٹوک مؤقف اور جرات مندانہ طرزِ عمل کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی چیئرمین بھارت اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے کھل کر بات کر رہا ہے اور کسی دباؤ کا شکار نظر نہیں آ رہا۔ محسن نقوی بھارت اور آئی سی سی کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر لڑ رہا ہے اور ڈر نہیں رہا۔ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو واضح ہدایات کر دی ہیں کہ ورلڈ کپ کی تیاری روک دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی پی سی بی کو ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریاں عارضی طور پر روکنے کی ہدایت
وکرانت گپتا نے اس موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایک طرف کھلاڑیوں کو میدان میں مصافحہ اور خیرسگالی سے روکا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب تجارتی سرگرمیاں جاری رکھی جاتی ہیں، جو ایک دوہرا معیار ہے۔
Vikrant Gupta’s got a point there about the PCB Chairman Mohsin Naqvi.
Makes absolute sense 💯#T20WorldCup
— Ameer Hamza Asif (@AmeerHamzaAsif) January 21, 2026
واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی تقریب کے دوران بھی پاک بھارت تنازع سامنے آیا تھا، جب بھارت نے ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود اختتامی تقریب میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی وفد سے دانستہ طور پر مصافحہ نہ کرنے کے عمل کو کرکٹ حلقوں میں اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کہاں ہے؟ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتا دیا
ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیاسی اختلافات کو کھیل کے میدان تک لانا کھیل اور سفارت کاری کے درمیان موجود حد کو متاثر کر رہا ہے، تاہم محسن نقوی اس تمام صورتحال میں اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست آئی سی سی کو دے دی ہے۔ آئی سی سی نے بنگلہ دیش پر مطالبے پر نظرِ ثانی کے لیے زور دیا تاہم بی سی بی نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ، آئی سی سی کا وفد بنگلہ دیش کو بھارت میں کھیلنے پر قائل نہ کر سکا
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے قومی ٹیم کی جاری تیاریوں کو عارضی طور پر روکنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ سے متبادل منصوبہ بھی طلب کر لیا ہے، جو اس صورت میں نافذ کیا جائے گا اگر پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کے تحفظات دور نہیں ہوتے تو وہ بھی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کر سکتا ہے۔













