چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر پارٹی کا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ جیسے حالات میں ایک ہفتہ بھی طویل محسوس ہوتا ہے اور ایسے نازک وقت میں قوموں کو متحد ہو کر سامنے آنا پڑتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس میں کردار ادا کرنے والے تمام فریقین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی مستقل ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: غیرملکی وفود کی آمدورفت، اسلام آباد پولیس کی عوام کے لیے اہم ہدایات جاری
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، امین الحق، سید نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف پر مشتمل حکومتی وفد نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات میں لیاقت باغ کا مجوزہ جلسہ آئندہ جمعہ کو متوقع ایران امریکا مذاکرات کے پیش نظر ملتوی کرنے کی درخواست کی۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا کو بتایا کہ حکومتی وفد نے تحریک تحفظ آئین پاکستان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات میں 9 پاریل کو لیاقت باغ کا جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جس سے اتفاق کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے مجوزہ جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کل کا لیاقت باغ کا جلسہ منسوخ کر دیا ہے، علامہ راجہ ناصر عباس pic.twitter.com/hz3nIwIU1W
— Khurram Iqbal (@khurram143) April 8, 2026
دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 10 اپریل کو اسلام آباد میں مستقل جنگ بندی کے حوالے سے فریقین کے درمیان ایک انتہائی اہم اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، جو عالمی اور علاقائی امن کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
’اس اہم بین الاقوامی تناظر، علاقائی صورتحال اور پورے خطے کو جنگ کے اثرات سے بچانے کی سفارتی کوششوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، پولیٹیکل کمیٹی نے 9 اپریل کو لیاقت باغ، راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں دیگر رہنماؤں کے ساتھ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں متفقہ طور پر جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی چیئرمین کا پیغام موصول ہوا ہے جس میں واضح ہدایت دی گئی کہ سب سے پہلے پاکستان ہے۔
مزید پڑھیں: لکھ کر دیتا ہوں کہ نہ پی ٹی آئی 9 اپریل کو جلسہ کرے گی نہ اس میں جلسہ کرنے کی صلاحیت ہے، شیر افضل مروت
انہوں نے کہا کہ جب بھی قومی مفاد اور دھرتی کا معاملہ آتا ہے، پارٹی ہر اختلاف سے بالاتر ہو کر ملک کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی حکومت کے خلاف چارج شیٹ طویل ہے، تاہم اس وقت اہم ترجیح قومی یکجہتی اور امن ہے۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے کے مطابق بانی عمران خان نے بھی بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے موجودہ حالات کے پیشِ نظر جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام بھجوایا تھا، جس کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران بھی کیا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا پشاور میں جلسہ: بہت جلد ڈی چوک جانے کی کال دوں گا، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا اعلان
’اس وقت قومی اور علاقائی مفاد کے پیشِ نظر تمام تر توجہ امن مذاکرات کی کامیابی اور سفارتی کوششوں کے استحکام پر مرکوز کرنا ضروری ہے تاکہ مستقل امن کی منزل حاصل کی جا سکے۔‘
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد موزوں وقت پر کیا جائے گا۔














