ہر اس عمل کو مسترد کریں گے جو اہل فلسطین  کو قبول نہیں ہوگا، طاہر اشرفی کی ڈاکٹر محمود الہباش سے ٹیلیفونک گفتگو

جمعرات 22 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے قاضی القضاۃ فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال، امن، تعمیرِ نو اور بحالی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان علما کونسل کا اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق کانفرنس کی تائید کا اعلان

اس موقعے پر قاضی القضاۃ فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ غزہ امن بورڈ کی اہل فلسطین مکمل حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کے تمام امور فلسطینی اتھارٹی کے تعاون سے انجام دیے جائیں گے جبکہ تعمیرِ نو کے لیے قائم انچارج بھی فلسطینی اتھارٹی کے تحت کام کریں گے۔

قاضی القضاۃ فلسطین کے مطابق غزہ امن بورڈ اور دیگر تمام بحالی کے منصوبے 2 سال کے عرصے میں مکمل کیے جائیں گے اور یہ تمام معاملات جنگ سے امن کی طرف پیشرفت کے لیے طے پائے ہیں۔

مزید پڑھیے: حافظ محمد طاہر اشرفی اسلامی و خلیجی ممالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مقرر

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے غزہ امن بورڈ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علما کونسل ہر اس عمل کو مسترد کرے گی جسے اہل فلسطین مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کی دلی خواہش ہے کہ اہل غزہ جلد از جلد اپنے گھروں میں دوبارہ آباد ہوں۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی تنقید سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، پاکستان میں مضبوط مذہبی ہم آہنگی قائم ہے، مولانا طاہر اشرفی

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا خواہاں ہے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp