فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے اپنی مائیکروبلاگنگ سروس تھریڈز پر عالمی سطح پر اشتہارات دکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میٹا کے مطابق آئندہ ہفتے سے دنیا بھر کے صارفین کے لیے تھریڈز پر اشتہارات متعارف کرائے جائیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ تھریڈز پر اشتہارات کے ذریعے کاروباری ادارے صارفین کے ساتھ بامعنی انداز میں جڑسکیں گے اور اپنی دلچسپی رکھنے والے افراد تک بہتر طور پر پہنچ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات دکھانے کا اعلان
تجزیہ کاروں کے مطابق تھریڈز مستقبل میں میٹا کے لیے ایک اہم آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے، کیونکہ کمپنی پلیٹ فارم کو مؤثر طریقے سے مونیٹائز کرنے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ میٹا آئندہ ہفتے اپنی چوتھی سہ ماہی کے مالی نتائج بھی جاری کرنے والی ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اشتہارات کا مکمل اجرا بتدریج کیا جائے گا، جس میں چند ماہ لگ سکتے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ سال جنوری میں امریکا اور جاپان میں محدود سطح پر تھریڈز پر اشتہارات کی آزمائش کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ جولائی 2023 میں لانچ ہونے والا تھریڈز، ایلون مسک کے ایکس کا براہِ راست مقابل سمجھا جاتا ہے۔ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے مطابق اگست تک تھریڈز کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 400 ملین سے تجاوز کرچکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: تھریڈز کے بارے میں نئے انکشافات، ایلون مسک کیا خطرہ محسوس کر رہے ہیں؟
حالیہ رپورٹس کے مطابق تھریڈز نے دنیا بھر میں یومیہ موبائل صارفین کے لحاظ سے ایکس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ میٹا کا کہنا ہے کہ تھریڈز پر مزید نئی سہولیات متعارف کرائی جائیں گی، جن میں نئے اشتہاری فارمیٹس اور تھرڈ پارٹی ویریفکیشن سروسز شامل ہوں گی، جو پہلے ہی فیس بک اور انسٹاگرام پر دستیاب ہیں۔














