چکوال کے گاؤں تترال سے تعلق رکھنے والی تجربہ کار اور باصلاحیت لینڈ اسکیپ ویژول آرٹسٹ سائرہ امجد نے گزشتہ 15 برسوں میں اپنے منفرد اسلوب کے ذریعے آرٹ کی دنیا میں ایک روشن پہچان قائم کی ہے۔
یہ بھی پڑھیںـ: بلوچ آرٹسٹ نے اپنے فن سے دنیا کو حیران کردیا
کینوس پر ایکرلیک رنگوں کے ساتھ اسٹیل وول کا استعمال کرتے ہوئے فطرت کے حسن کو اس مہارت سے اجاگر کرتی ہیں کہ منظر جیتا جاگتا محسوس ہونے لگتا ہے۔
ان کے تخلیق کردہ بافت دار، کھلے اور پھولوں سے سجے باغات رنگوں کی ایسی ہم آہنگی پیش کرتے ہیں جو دل کو سکون اور آنکھوں کو طمانیت عطا کرتی ہے جیسے ناظر لمحہ بھر کے لیے فطرت کی آغوش میں جا بیٹھا ہو۔
سائرہ امجد نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے فن کی مقبولیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک ان کے 3 ہزار سے زائد فن پارے ملک بھر میں فروخت ہو چکے ہیں۔
ان کی پینٹنگز نہ صرف نجی کلیکشنز کی زینت بنی ہیں بلکہ مختلف معروف ٹی وی ڈراموں میں بھی نمایاں طور پر دکھائی گئیں جس سے ان کے فن کو ایک وسیع حلقۂ ناظرین تک رسائی ملی کراچی اور اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ان کی 3 کامیاب سولو نمائشیں ان کے فنی سفر کے اہم سنگِ میل ہیں جہاں آرٹ سے وابستہ شخصیات، ناقدین اور شائقین نے ان کے کام کو بے حد سراہا اور ان کے جدید اسلوب کو فطرت سے گہرے تعلق کا حسین امتزاج قرار دیا۔
مزید پڑھیے: متعدد ایوارڈز جیتنے والی ڈی آئی خان کی آرٹسٹ حنا پروین نے معذوری کو کیسے ہرایا؟
یہ بے مثال آرٹسٹ محض اپنے فن ہی کی بدولت نمایاں نہیں بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک مضبوط اور روشن مثال بھی ہیں۔ ان کی کامیابی نے بالخصوص خواتین کو یہ حوصلہ دیا کہ وہ اپنے شوق اور صلاحیتوں کو پیشہ ورانہ سطح تک لے جا سکتی ہیں۔
ان کا فن کا یہ سفر ان کے خاندان تک بھی پھیلا ہوا ہے۔ ان کی چھوٹی بیٹی فاطمہ بھی والدہ سے متاثر ہو کر پینٹنگز بناتی ہے جبکہ بیٹا ساحل میٹل وائر سے مجسمے اور اسکلپچر تخلیق کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: پیشہ فن کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکا، لاہور کی خوبصورتی اجاگر کرنے والا آرٹسٹ پولیس اہلکار سب کے لیے مثال
یوں یہ گھرانہ فنون لطیفہ کا ایک خوبصورت مرکز بن چکا ہے جہاں تخلیق، محنت اور حوصلے کی روشنی ہر دل کو منور کرتی ہے۔ تفصیل جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں۔













