پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 29، 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے، جو شام 4 بجے (پاکستانی وقت) شروع ہوں گے۔ اس سیریز کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ پر اعلیٰ معیار کی بین الاقوامی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیے: ٹی 20 ورلڈ کپ: حارث رؤف کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ
بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی ٹی20 اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جو جنوری میں سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی 3 میچوں کی سیریز میں شامل نہیں تھے۔ شاداب خان بھی اپنی واپسی کے سفر کو جاری رکھیں گے اور مضبوط اسپن بولنگ یونٹ کا حصہ ہوں گے، جس میں ابرار احمد، محمد نواز اور عثمان طارق شامل ہیں۔
![]()
قومی ٹیم اور سپورٹ اسٹاف 24 جنوری بروز ہفتہ لاہور میں رپورٹ کرے گا، جبکہ سیریز کی باضابطہ تیاریوں کا آغاز اگلے روز کیا جائے گا۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم 28 فروری کو پاکستان پہنچے گی اور یہ پاکستان کی سرزمین پر ٹی20 فارمیٹ میں ان کی دوسری سیریز ہوگی، اس سے قبل اپریل 2022 میں قذافی اسٹیڈیم میں ایک واحد ٹی20 میچ کھیلا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ: پاکستان کا زمبابوے کیخلاف تیسرے گروپ مرحلے کے میچ کے لیے اسکواڈ کا اعلان
اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نفے (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، عثمان خان (وکٹ کیپر) اور عثمان طارق شامل ہیں۔
سپورٹ اسٹاف میں نوید اکرم چیما (ٹیم منیجر)، مائیک ہیسن (ہیڈ کوچ)، ایشلے نوفکے (بولنگ کوچ)، شین میکڈرموٹ (فیلڈنگ کوچ)، حنیف ملک (بیٹنگ کوچ)، کلیف ڈیکن (فزیوتھراپسٹ)، گرانٹ لوڈن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ اعجاز (پرفارمنس اینالسٹ)، سید نعیم احمد (میڈیا منیجر)، لیفٹیننٹ کرنل (ر) عثمان انواری (سیکیورٹی منیجر)، ڈاکٹر واجد علی رفائی (ٹیم ڈاکٹر)، ڈاکٹر راحیل کریم (سائیکاٹرسٹ) اور محمد احسان (مالشیا) شامل ہیں۔
سیریز کا شیڈول یہ ہے کہ پہلا ٹی20 29 جنوری بروز جمعرات، دوسرا 31 جنوری بروز ہفتہ اور تیسرا میچ یکم فروری بروز اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ تینوں میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔














