شدید برفباری نے ملک کے بالائی علاقوں کو مفلوج کر دیا، فوجی ریسکیو آپریشن، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے الرٹس جاری

ہفتہ 24 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں حالیہ شدید برفباری، لینڈ سلائیڈنگ اور یخ بستہ موسم نے نظامِ زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند، بجلی کی فراہمی معطل اور سیکڑوں مسافر پھنس گئے، تاہم پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں افراد کو ریسکیو کر لیا۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے آئندہ دنوں میں مزید برفباری، شدید سردی اور برفانی تودے گرنے کے خدشات کے پیش نظر الرٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔

آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب، شدید برفباری سے تباہی

میڈیا رپورٹس اور پی ٹی وی کے مطابق آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں وادی نیلم، سدھنوتی، باغ، ہٹیاں بالا، اٹھ مقام اور اپر نیلم میں گزشتہ رات سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفرآباد میں کئی برس بعد برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ وادی نیلم میں تین مکانات گر گئے۔ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں بند اور بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا، متعدد علاقوں میں پولز گرنے اور تاریں ٹوٹنے سے گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی معطل ہے۔

پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، مسافر محفوظ

شدید برفباری کے باعث ضلع حویلی میں ایمبولینس سمیت تقریباً 25 گاڑیاں برف میں پھنس گئیں۔ پاک فوج نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 32 مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ ایمبولینس میں موجود دو میتیں بھی نکال لی گئیں۔ گاڑیوں میں مجموعی طور پر تقریباً 100 افراد سوار تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں برفباری کے کئی سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، دھیرکوٹ میں عمارتیں گرنے سے نقصان

خیبرپختونخوا میں سڑکیں بند، سیاحوں کا داخلہ روک دیا گیا

خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کاغان میں رابطہ سڑکیں بند ہونے پر انتظامیہ نے سیاحوں کا داخلہ بند کر کے انہیں بالاکوٹ میں روک لیا۔ دیربالا، کمراٹ، لواری ٹنل، باجوڑ اور شانگلہ ٹاپ میں بھی برفباری سے راستے بند رہے۔ شانگلہ ٹاپ میں 22 گھنٹے سے برف میں پھنسے 4 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ ملاکنڈ میں کئی برس بعد برفباری ہوئی، بعض مقامات پر درخت سڑکوں پر گر گئے۔

گلگت بلتستان، شاہراہِ قراقرم بند، استور منقطع

گلگت بلتستان میں شدید برفباری کے باعث چلاس اور اپر کوہستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہِ قراقرم مختلف مقامات پر بند ہو گئی، جس سے سیکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں۔ استور میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج اور ضلع کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ راما میڈوز، دیوسائی، نانگا پربت اور برزل ٹاپ میں 5 سے 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جبکہ مشرف چوک میں برفانی تودہ گرنے سے سڑک بلاک ہو گئی۔ ہنزہ اور نگر میں بھی رابطہ سڑکیں بند ہیں، وادی چیپورسن میں خیموں میں مقیم زلزلہ متاثرین کو شدید سردی کا سامنا ہے۔

این ڈی ایم اے کا الرٹ، مزید برفباری کا امکان

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر 23 سے 29 جنوری تک الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید برفباری متوقع ہے، خاص طور پر گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا میں۔ ادارے نے غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کے پیش نظر انتباہ جاری کردیا

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا ہائی الرٹ

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق اتوار رات سے منگل تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے خدشے کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بلوچستان میں شدید سردی، پانی منجمد

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی بالائی بلوچستان میں برفباری رکنے کے باوجود سائبرین ہواؤں کے باعث خون جما دینے والی سردی برقرار ہے۔ کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں گھروں کی پائپ لائنوں میں پانی جم گیا، شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔

این 50 ژوب ہائی وے کئی مقامات پر بند جبکہ زیارت جانے والے سیاحوں پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ اور این ایچ اے کی جانب سے نمک پاشی اور برف ہٹانے کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن مکمل

حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسمی انتباہات پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

اسپائیڈر مین میں آواز کا جادو جگانے والے وائس آرٹسٹ الیکزس اورٹیگا انتقال کرگئے

بسنت سے قبل لاہور کے فصیل بند شہر میں 346 غیر محفوظ عمارتوں کی نشاندہی

واٹس ایپ کا نیا سخت سیکیورٹی فیچر متعارف،سب سے زیادہ فائدہ کن لوگوں کو ہوگا؟

آسٹریلیا نے اسلام کے خلاف نفرت انگیز تقریر پر اسرائیلی انفلوئنسر کی ویزا منسوخ کر دیا

کیا مریم نواز کے صاحبزادے کی شادی کی فوٹوگرافی کرنے پر عرفان احسن کو ستارۂ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا؟

ویڈیو

امریکی بحری بیڑا آبنائے ہرمز پہنچ گیا، ایران کا بھی فوجی مشقوں کا اعلان، سعودی عرب کا فضائی حدود دینے سے انکار

کیا پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرنا چاہیے؟ شائقینِ کرکٹ کی مختلف آرا

پاکستان کے حسن کو دریافت اور اجاگر کرنے کے عزم کیساتھ میاں بیوی کا پیدل سفر

کالم / تجزیہ

ایک تھا ونڈر بوائے

کون کہتا ہے کہ یہ شہر ہے آباد ابھی

نظر نہ آنے والے ہتھیاروں سے کیسے بچاؤ کیا جائے؟