جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کی کوشش کی شدید مذمت

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) نے بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے اسیر پارٹی چیئرمین یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تشویش ناک پیش رفت یاسین ملک کے بنیادی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور موجودہ بھارتی حکومت کے اپنے خطرناک ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے عدالتی نظام کو ہائی جیک کرنے اور اس کا استحصال کرنے کے عزائم کو مزید بے نقاب کرتی ہے۔

جے کے ایل ایف کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی حالیہ رپورٹس نے تصدیق کی ہے کہ سزائے موت کے لیے این آئی اے کی تحریک کے بارے میں دہلی ہائیکورٹ میں پیر 29 مئی 2023ء کو ایک سماعت مقرر کی گئی ہے۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا کہنا ہے کہ یہ نوٹ کرنا اہم ہے کہ یاسین ملک کو اس سے قبل 25 مئی 2022ء کو ایک بڑے پیمانے پر متنازع مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ سیاسی محرک ہے۔تازہ پیش رفت نا صرف ہمیں پریشان کرتی ہے بلکہ ایک ایسے شخص کی زندگی کے لیے بھی شدید خطرہ ہے جس نے جموں کشمیر کے تنازع کے پُر امن حل کی وکالت کرتے ہوئے عدم تشدد کی تحریک کی حمایت کی ہے۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کے ذریعے یاسین ملک متنازع خطے کی سب سے بااثر اور قابلِ احترام شخصیت بن گئے ہیں۔ پریشان کُن بات یہ ہے کہ شواہد سے پتا چلتا ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے این آئی اے سمیت ریاستی اداروں کا استعمال اختلافِ رائے کو دبانے اور طاقت کو مستحکم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا بیان میں کہنا ہے کہ ہمیں اس بات پر سخت تشویش ہے کہ یاسین ملک کو 2024ء کے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں مودی سرکار کے امکانات کو تقویت دینے کے ذریعے غیر قانونی طور پر پھانسی دی جا سکتی ہے، انتہائی بے بسی کے اس لمحے میں امن کی آوازوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ یاسین ملک کی حمایت میں متحد ہو جائیں اور مودی اور ان کی حکومت کے مذموم عزائم کو چیلنج کریں۔

جے کے ایل ایف نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ ہم فوری طور پر بین الاقوامی برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ فوری اور فیصلہ کُن کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کے لیے دباؤ بڑھائے، جس کے خطے کے لیے تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

فاشسٹ بھارتی حکومت سے یاسین ملک کی جان کو شدید خطرہ ہے، مشعال حسین ملک

پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فاشسٹ حکومت کی جانب سے یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ بھارت کی اعلیٰ انسداد دہشت گردی کی تحقیقاتی ایجنسی نے ایک بار پھر یاسین ملک کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسیر کشمیری رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت حریت کانفرنس کے سینئر رہنما یاسین ملک کی نظر بندی کو عالمی سطح پر ہر فورم پر اٹھائے، نریندر مودی کی فاشسٹ حکومت تحریک آزادی کشمیر کی سب سے طاقتور آواز کو خاموش کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

مشعال حسین ملک نے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کا کیس عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے متعلقہ فورمز اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں اٹھائیں تاکہ ان کی جان کی حفاظت کی جا سکے۔ کہا یاسین ملک کو 25 مئی 2022 کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھانے کے جرم میں ایک من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر بننے والے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر کی جان کو شدید خطرہ ہے کیونکہ بھارتی حکام ان کی وفاداری نہیں خرید سکتے اور اب انہیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے سب سے مقبول رہنما کو خاموش کرنے کے لیے پھانسی دینے کا سہارا لیا گیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی حکومت نہ صرف ان کی جان بچانے کے لیے فعال کردار ادا کرے بلکہ ان کی غیر قانونی حراست سے رہائی کو یقینی بنانے کے لیے بھارتی حکومت پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سزائے موت کو منظور کر لیا گیا تو صورت حال قابو سے باہر ہو سکتی ہے، بھارتی حکام کو نہ صرف عمر قید کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے بلکہ اسے رہا کرنا چاہیے کیونکہ یاسین ملک جعلی اور من گھڑت مقدمات میں قید ہے۔

مشعال نے کہاکہ اقوام متحدہ، عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں یاسین ملک کی زندگی کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں اور ان کی جیل سے رہائی کو یقینی بنائیں جنہیں صحت کی تیزی سے بگڑتی ہوئی حالت کے باوجود ڈیتھ سیل میں ڈال دیا گیا ہے۔

بھارت کا یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کا مذموم ارادہ

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی تحقیقاتی ایجنسی، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے یاسین ملک کو سزائےموت دلوانے کے لیے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ یاسین ملک جھوٹے مقدمے میں نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں عمر قید کاٹ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp