نئی سیاسی جماعت کے لیے متحرک جہانگیر ترین سے سابق ایم این اے کی ملاقات

اتوار 28 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف سے لا تعلقی کرنے والے سیاسی رہنماؤں نے جہانگیرترین گروپ سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔ ایک نئی سیاسی جماعت کے باقاعدہ قیام کےسلسلہ میں 100 سے زائد رہنماؤں نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا ہے جب کہ کچھ رہنماؤں نے جہانگیر ترین کے پاس مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

پاکپتن سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے احمد شاہ گھگہ اور سابق رکن پنجاب اسمبلی سعید اکبر نوانی نے لاہور میں جہانگیر ترین سے حالیہ ملاقات میں جہانگیر ترین کی نئی پارٹی میں شمولیت کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے نئی پارٹی کے مختلف ناموں پر بھی رائے طلب کی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ 2 سے 3 دنوں میں تحریک انصاف چھوڑنے والے مزید کئی لوگ جہانگیر ترین کے ساتھ رفاقت کا اعلان کریں گے۔

جہانگیر ترین ہم خیال گروپ

واضح رہے کہ مئی 2021 میں تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بنا تھا جس کا نام جہانگیر ترین ہم خیال گروپ رکھا گیا تھا، اس گروپ میں ابتدائی طور پر 31 رکن قومی و صوبائی اسمبلی نے شمولیت اختیار کی تھی۔
جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے قومی اسمبلی میں راجا ریاض اور پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر نوانی کو پارلیمانی لیڈر مقرر کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp