پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں ممکنہ عدم شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں نے اس وقت شدت اختیار کرلی جب بھارتی میڈیا کے بعض حصوں نے یہ دعویٰ کیا کہ اگر پاکستان نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کی تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پاکستان کرکٹ پر غیر معمولی اور سخت پابندیاں عائد کرسکتی ہے۔ تاہم، آئی سی سی قوانین اور ماضی کی مثالوں کا بغور جائزہ لیا جائے تو ان دعوؤں کی قانونی بنیاد کمزور دکھائی دیتی ہے۔
یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بنگلہ دیش کی حمایت میں بیان دیا، جس نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا اور مطالبہ کیا کہ اس کے میچ سری لنکا میں منعقد کیے جائیں، مگر بدقسمتی سے آئی سی سی نے ان مطالبات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے بھارت کا ساتھ دیا کہ بنگلہ دیش کی بات سننے سے انکار کردیا اور جب بنگلہ دیش نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کیا تو آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔ اس کے بعد بھارتی میڈیا میں یہ تاثر دیا گیا کہ اگر پاکستان نے بھی ایسا قدم اٹھایا تو اسے عالمی کرکٹ میں تنہائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اسی تناظر میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں بنگلہ دیش کے معاملے پر آئی سی سی کے کردار اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی کے مطابق اس ملاقات میں طے پایا کہ پاکستان کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ مزید مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جس کا اعلان جمعے یا پیر تک متوقع ہے۔
Had a productive meeting with the Prime Minister Mian Muhammad Shahbaz Sharif. Briefed him on the ICC matter, and he directed that we resolve it while keeping all options on the table. It was agreed that the final decision will be taken either on Friday or next Monday. pic.twitter.com/6SOvNdLceW
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) January 26, 2026
بھارتی میڈیا کے دعوے کیا ہیں؟
بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس، جن میں نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے، اس کے مطابق آئی سی سی پاکستان کے خلاف ’تاریخ کی سخت ترین‘ پابندیاں عائد کرسکتی ہے، جن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی، پی سی بی کے آئی سی سی ریونیو میں کٹوتی، پی ایس ایل کی بین الاقوامی حیثیت ختم کرنا، ایشیا کپ سے اخراج اور پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کی معطلی شامل ہیں۔
آئی سی سی کے اختیارات کی حقیقت
کرکٹ گورننس سے وابستہ ماہرین کے مطابق ان میں سے کئی دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ آئی سی سی نہ تو ڈومیسٹک لیگز کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرتی ہے اور نہ ہی دو طرفہ سیریز کو کنٹرول کرتی ہے۔ یہ فیصلے مکمل طور پر متعلقہ کرکٹ بورڈز کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔
اسی طرح ایشیا کپ کا انتظام ایشین کرکٹ کونسل کے پاس ہے، جس کی صدارت اس وقت خود پاکستان کے پاس ہے، لہٰذا آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو ایشیا کپ سے نکالنے کا دعویٰ بھی حقائق کے برعکس ہے۔
حکومتی فیصلے اور ماضی کی مثالیں
اگر پاکستان کا ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں آئی سی سی کے پاس کسی قسم کی سخت تادیبی کارروائی کا اختیار نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔ ماضی میں بھارت سمیت کئی ممالک سیکیورٹی یا حکومتی وجوہات کی بنیاد پر دوروں سے انکار کرچکے ہیں، جن کے نتیجے میں نہ تو پابندیاں لگیں اور نہ ہی ان ممالک کو عالمی کرکٹ سے الگ کیا گیا۔
’خودکار پابندیوں‘ کا بیانیہ کیوں گمراہ کن ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی اصل قوت صرف ٹورنامنٹ میں شرکت یا عدم شرکت تک محدود ہے۔ اس کے علاوہ ڈومیسٹک لیگز، علاقائی ایونٹس اور دو طرفہ کرکٹ پر اس کے اختیارات محدود ہیں۔ اس لیے پاکستان کرکٹ کے مکمل بائیکاٹ یا مالی و انتظامی تباہی کے خدشات حقیقت سے زیادہ میڈیا بیانیے کا حصہ محسوس ہوتے ہیں۔
پاکستان کا مؤقف
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کرے گا اور حکومت کی ہدایات کے مطابق ہی آگے بڑھے گا۔
اگرچہ ٹی20 ورلڈ کپ سے ممکنہ دستبرداری کے سیاسی، تجارتی اور کھیلوں کے اثرات ضرور ہوں گے، لیکن یہ تاثر کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ کو مکمل طور پر مفلوج کرسکتی ہے، نہ تو قوانین سے ثابت ہوتا ہے اور نہ ہی ماضی کی مثالوں سے۔














