بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا اور پاکستان کے روسنیوں کے شہر کراچی کے درمیان 14 سال کے طویل وقفے کے بعد براہِ راست نان اسٹاپ پروازیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔ بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز جمعرات 29 جنوری سے اس روٹ پر پروازوں کا آغاز کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 13 سال بعد ڈھاکا سے کراچی کے درمیان پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ
ابتدائی مرحلے میں ہفتے میں 2 پروازیں چلائی جائیں گی، جو جمعرات اور ہفتہ کے روز آپریٹ ہوں گی۔ براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی سے مسافروں کے سفر کا دورانیہ اور اخراجات نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ ٹرانزٹ کے ساتھ سفر کرنے کے مقابلے میں کرایوں میں 30 ہزار ٹکا تک کمی متوقع ہے۔
اس سے قبل مسافروں کو مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے ذریعے سفر کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث نہ صرف سفر طویل ہو جاتا تھا بلکہ اخراجات میں بھی اضافہ ہو جاتا تھا۔
ڈھاکا اور کراچی کے درمیان 1 ہزار 471 میل طویل فاصلہ 162 نشستوں والے بوئنگ 737 طیارے کے ذریعے طے کیا جائے گا، جبکہ پرواز کا دورانیہ تقریباً 3 گھنٹے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پاکستان کے لیے پروازوں کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا، نشستیں چند گھنٹوں میں بک
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق پہلی پرواز کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ دوسری پرواز کی 80 فیصد سے زائد نشستیں بھی پہلے ہی بک ہو چکی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے مسافروں کو تیز، آرام دہ اور بغیر ٹرانزٹ جھنجھٹ کے سفر کی سہولت میسر آئے گی۔














