بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے اپنے مشہور مگر متنازع بولڈ امیج پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شناخت ایک وقت میں ان کی کامیابی کا باعث بنی مگر بعد میں یہی امیج فلمی کیریئر کی راہ میں رکاوٹ بھی بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’جنت‘ فلم کے سین کا عمران ہاشمی کی حقیقی زندگی سے کیا تعلق ہے؟ بالی ووڈ اداکار کا انکشاف
عمران ہاشمی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کا مشہور ’سیریل کِسر‘ والا ٹیگ اتفاقیہ نہیں تھا بلکہ اس دور میں جان بوجھ کر اسے ابھارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فلمیں کمرشل طور پر کامیاب تھیں اور میں خود بھی اس امیج کو انجوائے کر رہا تھا۔ ہماری مارکیٹنگ اسی امیج کے گرد گھومتی تھی اور میڈیا بھی اس میں شامل تھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ایک جیسے کردار ادا کرتے کرتے انہیں احساس ہوا کہ خود کو بدلنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 10 سال بعد مجھے سمجھ آیا کہ ناظرین بدل جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر 10 سے 14 سال میں نئی نسل سینما گھروں کا رخ کرتی ہے اور اس نئی آڈینس کے لیے خود کو نئے انداز میں پیش کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔
عمران ہاشمی نے کہا کہ ہر امیج کی ایک حد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کسی چیز کو ایک حد تک ہی نچوڑ سکتے ہیں، اور میں نے اسے مکمل طور پر استعمال کر لیا تھا اس لیے تبدیلی ناگزیر تھی۔
مزید پڑھیے: عمران ہاشمی کی پاکستان آمد پر حمائمہ ملک کیا کریں گی؟
تاہم اداکار نے اعتراف کیا کہ پرانا ٹیگ چھوڑنے کے باوجود وہ اب بھی ان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ ان کے مطابق کسی ایک مخصوص کردار یا امیج سے نکلنا آسان نہیں ہوتا۔
ٹائپ کاسٹنگ (ایک ہی طرح کا کردار) سے نجات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران ہاشمی نے کہا کہ اس کے لیے رسک لینا اور ورسٹائل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اداکار کو چاہیے کہ وہ مختلف اور چیلنجنگ کرداروں کا انتخاب کرے تاکہ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر سکے۔
مزید پڑھیں: جاوید شیخ کے الزامات پر عمران ہاشمی بول پڑے
آخر میں عمران ہاشمی جو جلد فلم ’آوارہ پن 2‘ میں نظر آئیں گے نے کہا کہ آپ کو آگے بڑھ کر جرات مندانہ فیصلے کرنے ہوتے ہیں اور ایسے کام کرنے ہوتے ہیں جو آپ کی ورسٹیلٹی کو ثابت کریں اور یہی واحد راستہ ہے۔














