پی ٹی آئی کی عمران خان کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی کی درخواست، حکومتی مشاورت جاری

جمعہ 30 جنوری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی اور سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی قیادت کی موجودگی کے معاملے پر صورتحال میں نیا موڑ آگیا ہے، سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ کی اٹارنی جنرل سے ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وکلا رہنماؤں نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے آفس میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی کی باضابطہ درخواست کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان کو معائنے کے لیے پمز لایا گیا‘، وفاقی وزیر اطلاعات نے تصدیق کردی

ملاقات کے دوران اٹارنی جنرل آفس میں پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کی تواضع کافی سے کی گئی، جبکہ گفتگو خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ اور لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش کے پیش نظر ان کی میڈیکل رپورٹس تک رسائی ضروری ہے۔

اس ضمن میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ رپورٹس ان کے ذاتی معالجین کو فراہم کی جائیں تاکہ بہتر طبی رائے دی جاسکے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ وہ میڈیکل رپورٹس تک رسائی کے معاملے پر حکومت کو پیغام پہنچائیں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا: احتجاج کے حوالے سے پتے پوشیدہ ہیں، وی نیوز سے خصوصی گفتگو

اس سلسلے میں وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس ان کے ذاتی معالجین کو فراہم کرنے کی استدعا پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس پیش رفت کے بعد معاملے پر مزید قانونی اور انتظامی مشاورت متوقع ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی قیادت کی سپریم کورٹ کے باہر موجودگی کو بھی اسی تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp