جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف 3 اور 4 فروری کو پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ اس بات کا اعلان پیر کو وزارتِ خارجہ نے کیا۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق، صدر توکایف اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف سے تفصیلی مذاکرات بھی کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر توکایف پاکستان قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے تاجر، سرمایہ کار اور کاروباری نمائندے شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے قازقستان کا ‘ابراہیم معاہدوں’ میں شمولیت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کا عندیہ
صدر قازقستان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا، جس میں سینئر کابینہ اراکین اور اعلیٰ سرکاری افسران شامل ہوں گے۔
دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ
وزارتِ خارجہ کے مطابق، یہ دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ مذاکرات میں بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط (People-to-People Contacts) علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔
🔊PR No.3️⃣3️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Curtain Raiser: Visit of the President of the Republic of Kazakhstan to Pakistan, February 3-4 2026https://t.co/XyhgHEcMLK
🔗⬇️ pic.twitter.com/uWYCVbMB5P— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) February 2, 2026
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر توکایف کا دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، اور دونوں ممالک تاریخی و ثقافتی رشتوں کو موثر اور مضبوط تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ملک خطے میں امن اور ترقی کے مشترکہ خواہاں ہیں۔
ازبک صدر بھی 5 اور 6 فروری کو پاکستان آئیں گے
اسی دوران، صدر ازبکستان شوکت مرزیایوف بھی 5 اور 6 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ازبکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی UzA کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی روابط کے تناظر میں ہو رہا ہے۔
پاکستان ازبک تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف
UzA کے مطابق، اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو آئندہ برسوں میں 2 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔ مذاکرات کا مرکزی نکتہ اقتصادی تعاون کی ساختی تبدیلی ہو گا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان قازقستان افواج کی مشترکہ مشق ’دوستاریم-5‘ چراٹ میں جاری
ازبک وزارتِ سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 5 اور 6 فروری کو اسلام آباد میں ازبکستان پاکستان بزنس فورم، میڈ اِن ازبکستان نمائش کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔














