اسلام آباد امام بار گاہ میں خود کش دھماکا بھارت کی سرپرستی میں کیا گیا، وزیر مملکت برائے داخلہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 6 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش دھماکے کو حکومت نے بھارت کی سرپرستی میں کی جانے والی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی ہے مگر اسے جیتنے کے لیے لڑی جا رہی ہے اور ریاست اس میں کامیاب ہو رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے مطابق یہی وجہ ہے کہ دہشتگرد ہارڈ ٹارگٹس کے بجائے عبادت گاہوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: ترلائی کی مسجد میں دھماکا، 30 سے زیادہ افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی

وزیر مملکت نے میڈیا کو بتایا کہ ترلائی کی امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 31 افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوراً بعد 10 سے 12 منٹ کے اندر مختلف اداروں کی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ اسلام آباد کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ریسکیو اور حکومتی ردعمل

طلال چوہدری کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایات پر وہ خود فوری طور پر پمز اسپتال پہنچے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی تھی۔ کمشنر اسلام آباد، آئی جی، ڈی سی اور دیگر اعلیٰ حکام موقع پر موجود رہے جبکہ وزیر داخلہ نے بعد ازاں امام بارگاہ کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔

خودکش حملہ آور سے متعلق معلومات

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور افغان شہری نہیں تھا تاہم اس کے افغانستان کے متعدد سفری ریکارڈ سامنے آ چکے ہیں۔ حملہ آور کے جسمانی شواہد اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے اور تمام معلومات اعلیٰ سطح پر شیئر کی جا چکی ہیں۔

دہشتگردی کا ایک ہی پیٹرن

طلال چوہدری نے کہا کہ چاہے دہشتگردی مذہب کے نام پر داڑھی رکھ کر کی جائے یا لسانیت اور صوبائیت کے نام پر بی ایل اے کی صورت میں ہو، اس کا پیٹرن ایک ہی ہے۔ یہ لوگ سافٹ ٹارگٹس جیسے بازاروں، اسکولوں، مساجد اور امام بارگاہوں کو نشانہ بناتے ہیں جو بزدلی کی انتہا ہے۔

بھارت کی سرپرستی کے شواہد

وزیر مملکت نے واضح الزام عائد کیا کہ یہ دہشتگردی بھارت کی اسپانسرڈ ہے اور پاکستان کے پاس اس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ان کے مطابق بھارت نے پہلے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ سرمایہ کاری دہشتگردی پر کی ہے اور بی ایل اے، ٹی ٹی پی سمیت دیگر گروہوں کو ڈالرز میں تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ یہ لوگ اللہ کے نام پر نہیں بلکہ پیسے کے لیے قتل و غارت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: خودکش حملے کے ذمہ دار کی شناخت اور تربیت گاہ کا انکشاف

افغانستان کو پیغام

انہوں نے کہا کہ پاکستان بارہا افغانستان کو باور کرا چکا ہے کہ وہ ہمسایہ ہونے کے ناتے ان دہشتگردوں کو پناہ دے کر بھارت کی پراکسی نہ بنے۔ مئی میں بھارت کے ساتھ جو کچھ ہوا، یہی انجام ان پراکسیز کا بھی ہوگا۔

ریاست کا عزم

وزیر مملکت برائے داخلہ کے مطابق آج کے حملے میں آئی جی اسلام آباد کے قریبی رشتہ دار بھی شہید ہوئے، اس کے باوجود آئی جی وردی میں موقع پر موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے، دہشتگردی کے خلاف ریاست کا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ جنگ ہم جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں اور جیت رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سانحے میں ہونے والے جانی نقصان کا مکمل ازالہ ممکن نہیں، تاہم ریاست متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

امام بارگاہ کی بحالی کا عزم

انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے 72 گھنٹوں کے اندر خود امام بارگاہ میں نماز ادا کی، جبکہ دیگر شہریوں نے بھی شرکت کی، تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ یہ اللہ کا گھر اسی طرح آباد رہے گا۔ امام بارگاہ کی مزید بہتری اور بحالی کے لیے جو کچھ ممکن ہوا، وہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی دہشتگرد افغان شہری کو 20 برس قید کی سزا سنا دی گئی

وزیر داخلہ کے مطابق اس وقت تمام معلومات منظرِ عام پر نہیں لائی جا سکتیں کیونکہ تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کے پس پردہ عناصر تک پہنچنے کا عمل جاری ہے۔

تفصیلی رپورٹ کی تیاری

انہوں نے کہا کہ 72 گھنٹوں کے اندر ایک جامع اور تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے گی، جس میں تمام ہینڈلرز اور واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی شامل ہوگی۔ یہ رپورٹ وزیراعظم کی ہدایات پر وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کی جائے گی۔

شیخ وقاص اکرم کا اظہار افسوس

تحریک انصاف کےسیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ایک ویڈیو بیان میں اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہوئے بم دھماکے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف دشمن نے دل پر گہرا زخم لگایا، نمازِ جمعہ کے دوران خودکش حملے کے ذریعے نمازیوں کے خون سے امام بارگاہ کی دیواریں رنگین کر دی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری جانب، پنجاب حکومت اور اس کے ترجمان بسنت کا جشن مناتے نظر آ رہے ہیں، جو شہدا کے غم کو اور بھی گہرا کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp