اسلام آباد دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ایک ہلاک، 3 گرفتار

ہفتہ 7 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک بھر میں وسیع کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ حکام نے اس واقعے میں ملوث افراد کی جلد گرفتاری اور ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، خودکش بمبار یاسر ولد بہادر خان کے اہلِ خانہ اور معاونین کی اہم گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ بمبار کے بہنوئی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے بھائی کو پشاور سے حراست میں لیا گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور اپنے بہنوئی سے بھی رابطے میں تھا۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: ترلائی کی امام بارگاہ میں دھماکا، 30 سے زیادہ افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی

ایک اہم سہولت کار کو نوشہرہ میں ہلاک کر دیا گیا، جب کہ سب سے اہم گرفتاری بمبار کی والدہ کو اسلام آباد کے پوش سیکٹر کے گھر سے گرفتار کر کے تفتیش کے لیے منتقل کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کو ختم کرنے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کی جا رہی ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات آئندہ سامنے آئیں گی۔

گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترلائی میں واقع مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد شہید جبکہ 160 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ترلائی میں امام بارگاہ دھماکے کی شدید مذمت، ذمہ داران کے فوری تعین کی ہدایت

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترلائی، اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد خودکش دھماکا: ’میرا ایک کزن شہید اور ایک زخمی ہوا‘

وزیرِ اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داران کے فوری تعین کی ہدایت کی اور کہا کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور وزیر صحت کو خود علاج معالجے کی نگرانی کرنے کا حکم دیا۔

سعودی عرب کلا ردعمل

سعودی وزارت خارجہ نے اس دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے، شہریوں کو خوفزدہ کرنے اور معصوم شہریوں کا خون بہانے کی ہر کوشش کو مسترد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشتگردی، انتہاپسندی اور تشدد کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد دھماکا: حملہ آور کی شناخت اور پس منظر سامنے آگیا، خواجہ آصف

سعودی عرب نے شہدا کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

یو کے ہائی کمشنر کا ردعمل

اسلام آباد میں جمعہ کی نماز کے دوران امامبارگاہ پر ہونے والے ہولناک حملے پر برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہدا اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کے لیے دعائیں کیں اور اس پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔

یورپی یونین کا بیان

یورپی یونین نے اسلام آباد خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں ہونے والے ہولناک خودکش حملے کی خبر سن کر ہمیں گہرا صدمہ پہنچا ہے، یورپی یونین ہر قسم کی دہشتگردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی سخت مذمت کرتی ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہدا اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

سویڈن کے سفیر کیا بیان

سویڈن کی پاکستان میں سفیر الیگزینڈرا برگ وون لنڈے نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہونے والے حملے کی ہولناک خبر پر ہمیں گہرا دکھ ہوا ہے، ہماری گہری تعزیت اور ہمدردیاں شہدا، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

کینیڈا کی دھماکے کی مذمت

کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ اسلام آباد خود کش دھماکے کی خبر سن کر انتہائی افسوس ہوا، جس میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔

آج کینیڈا کے عوام پاکستان کے عوام، شہداء، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو اپنی دعاؤں اور خیالات میں یاد رکھے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp