سیاحوں کے لیے ایک منفرد اور پُرتعیش سفری سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت اب اسلام آباد سے خوبصورت پہاڑی مقام نتھیاگلی تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر ممکن ہو گیا ہے۔
اس سفری سہولت کا آغاز 3 ماہ قبل ہو چکا ہے اور اب تک متعدد افراد ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد سے نتھیاگلی کا سفر کر چکے ہیں۔ لگژری ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز بیرن نامی ایوی ایشن کمپنی نے نتھیاگلی کے ہوٹل ڈبل ٹری بائے ہلٹن کے اشتراک سے کیا ہے۔
ہیلی کاپٹر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھرتا ہے اور نتھیاگلی میں ڈبل ٹری بائے ہلٹن ہوٹل کے خصوصی ہیلی پیڈ پر لینڈ کرتا ہے۔ ایک پرواز میں زیادہ سے زیادہ 5 مسافروں کی گنجائش رکھی گئی ہے، جو خاندانوں، چھوٹے گروپس اور انفرادی سیاحوں کے لیے موزوں ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز، کرایہ کتنا ہوگا؟
اس سروس کا کرایہ 5 ہزار 300 امریکی ڈالر (راؤنڈ ٹرپ) یعنی تقریبا ساڑھے 14 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ سہولت خاص طور پر اُن افراد کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو آرام، سہولت اور منفرد تجربے کو ترجیح دیتے ہیں۔
متعلقہ حکام کے مطابق، اس اقدام سے مقامی اشرافیہ کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کی توجہ بھی حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ شمالی پاکستان میں ہائی اینڈ اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ یہ سروس دارالحکومت سے ایک تیز اور دلکش پہاڑی سیاحت کا نیا دروازہ کھولتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: گلگت بلتستان: سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری، ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مریض گلگت منتقل
یہ خصوصی فضائی سفر سیاحت، اعلیٰ معیار کی سہولیات کو یکجا کرتا ہے، جو روایتی زمینی سفر کے مقابلے میں تیز، آرام دہ اور یادگار تجربہ فراہم کرتا ہے۔ ایک گھنٹے پر مشتمل یہ راؤنڈ ٹرپ مسافروں کو اسلام آباد اور ہمالیہ کے دامن میں واقع دلکش مناظر کو فضاء سے دیکھنے کا موقع دیتا ہے۔













